چیف جسٹس بھی اپنے ادارے میں بے رحم احتساب کریں: طلال چوہدری

اسلام آباد  ( نوائے وقت رپورٹ)  پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر طلال چودھری نے کہا ہے کہ ایک طاقتور ادارے نے اپنے گھر سے احتساب شروع کیا ہے باقی ادارے بھی کریں۔ اپنے ایک ویڈیو بیان میں سینیٹر طلال چودھری کا کہنا تھا کہ خوداحتسابی کا عمل ہرادارے کوکرنا چاہیے، رؤف حسن غیر ملکی صحافیوں کیساتھ رابطے میں تھے، رؤف حسن اینٹی پاکستان صحافیوں کوحساس مواد دے رہے تھے۔ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اسی وقت کئی جج صاحبان پلان کے مطابق فیصلے کر رہے تھے، سابق چیف جسٹس ثاقب نثارجھوٹ بول رہے ہیں، سی پیک کے دوران جان بوجھ کردھرنے دیئے گئے، اس وقت ثاقب نثار نے ایسے فیصلے کیے جنہوں نے پاکستان کواس نہج تک پہنچایا۔ ثاقب نثار فیض حمید سے رابطے میں رہتے تھے، طلال چودھری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے چارسالوں میں ہمسایہ ممالک کوناراض کیا گیا، رؤف حسن اور کورٹ مارشل کی باتیں ناکافی ہیں، چیف جسٹس آف پاکستان بھی اپنے ادارے میں بے رحم احتساب کریں، سیاسی پارٹیوں کوبھی مہروں کیخلاف کارروائی کرنی پڑیگی۔ انہوں نے کہا کہ تمام اداروں، سیاسی پارٹیوں کو احتساب کا حصہ بننا ہوگا، ایک ادارے نے بیرحم احتساب شروع کیا باقی اداروں کوبھی کرنا ہوگا،   ثاقب نثارنے بانی پی ٹی آئی کو مسلط کیا گیا۔ رؤف حسن اکیلے نہیں تھے یہ پورا پلان تھا، تانے بانے بانی پی ٹی آئی سے ملتے ہیں، احتساب ہراداریکو کرنا ہو گا ورنہ حکومت کو کارروائی کرنی پڑیگی۔

ای پیپر دی نیشن