شیخوپورہ (نامہ نگارخصوصی)پیپلز پارٹی کے ڈویژنل نائب صدر چوہدری منیر قمر واہگہ نے کہا ہے آزادی کیلئے دی گئی قربانیوں کو ضائع نہ ہونے دیا جائے۔ پاکستانی قوم اکابرین کی انتھک جدوجہد کی روشنی میں ملکی استحکام و ترقی کی خاطر متحد ہو کر بھرپور کردار ادا کرے، آزادی دنیا کی سب سے بڑی نعمت ہے، پاکستان اسلامی ریاست ہے جس میں نظام اسلام کا نفاذ ہوگا تو ہی ملک کے قیام کے حقیقی مقاصد حاصل ہوسکیں گے ہمیں اتحاد ویکجہتی کو فروغ دے کر ملک دشمن عناصر کی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔ بھارت ایک طرف مقبوضہ کشمیر میں کھلی دہشتگردی کررہا ہے دوسری طرف پاکستان میں انتہاپسندی کو فروغ دے کر انتشار پھیلانے کے درپہ ہے،دین اسلام باطل کے سامنے ڈٹ جانے کا حکم دیتا ہے بھارت اسلام اور پاکستان کا دشمن ہے وقت آگیا ہے کہ اب بھارت کے مذہبی جنونیت کے پیچھے چھپے دہشتگردانہ چہرے کو بے نقاب کیا جائے جس کیلئے تمام پاکستانی اپنا کردار ادا کریں، پاکستان عطیہ خداوندی ہے ۔