اسلام آباد (خبر نگار) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ 19 اگست 2014ء کو ملکی تاریخ کے سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ دس سال قبل آج کے دن پارلیمنٹ ہاؤس کی عمارت کا گھیراؤ اور بعدازاں دو نام نہاد سیاسی جماعتوں کے کارکنوں نے ہلا بول کر توڑ پھوڑ کی اور قیمتی تنصیبات کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ اس شرمناک واقع کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ سپیکر نے کہا پارلیمان عوامی امنگوں کا ترجمان ریاست کا اعلیٰ ترین ادارہ ہے، اس کی عزت و توقیر اور حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نام نہاد سیاسی جماعتوں کی قیادت اور کارکنوں کے پارلیمان پر حملے کے 10 سال مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں کیا۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پارلیمان پر حملہ نہ صرف جمہوریت پر حملہ تھا بلکہ ریاست کے بنیادی ستونوں پر بھی ضرب تھی۔ سپیکر نے ان تمام اراکین، عملے اور سکیورٹی اہلکاروں کی بہادری اور استقامت کی تعریف کی جنہوں نے مشکل حالات میں پارلیمان کا دفاع کیا اور آئین و قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھا۔ سپیکر نے اس وقت کی حکومت، پارلیمان میں موجود اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں کی قیادت اور اراکین کے کردار کو بھی سراہا، جہنوں نے نام نہاد سیاسی جماعتوں کی جانب سے پارلیمان پر ہونے والے حملے اور جمہوریت پر مارے جانے والے شب خون کی گھناؤنی سازش کو ناکام بنانے میں بھرپور کردار ادا کیا۔ ڈپٹی سپیکر نے تمام جمہوریت پسند سیاسی جماعتوں پر مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اس قسم کے جمہوریت کش واقعات دوبارہ نہ ہوں۔
19 اگست 2014ء سیاہ دن، نام نہاد جماعتوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں توڑپھوڑ کی، سپیکر
Aug 19, 2024