سندھ حکومت بجلی بلوںمیں پنجاب جیساریلیف دے ، کامران ٹیسوری : جلد اعلان کرینگے ، ترجمان 

کراچی (کامرس رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ)  گورنر سندھ نے کہا ہے کہ وہ سندھ حکومت کو خط لکھ رہے کہ عوام کو بجلی بلوں پر پنجاب جیسا ریلیف دیں ورنہ عوام میں احساس محرومی پیدا ہو گا۔ دوسری طرف  حکومتِ سندھ کی ترجمان و ایم پی اے سعدیہ جاوید نے کہا ہے کہ کامران ٹیسوری وزیراعظم سے مطالبہ کریں کہ تمام صوبوں کے لیے ریلیف کا اعلان کیا جائے۔ کامران ٹیسوری خاطر جمع رکھیں، حکومتِ سندھ بجلی کے بلوں کے ستائے عوام کے لیے جلد اہم اعلان کرے گی۔ گورنر سندھ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان حکومت سندھ سعدیہ جاوید نے کہا کہ گورنر کامران ٹیسوری رٹے رٹائے جملے ادا کرنے کے بجائے حقیقت پسند بنیں۔ ملک اس وقت توانائی بحران میں جکڑا ہوا ہے اور فرمائشی پروگرام بحرانوں کا حل نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ بے تکی باتیں اور پوائنٹ سکورنگ کا رجحان ملک و قوم کے لیے سودمند نہیں ہو سکتا، سعدیہ جاوید نے کہاکہ گورنر، وزیراعظم کو بتائیں کہ نواز شریف نے ایک صوبے کے لیے اعلان کر کے اچھا تاثر نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ٹیسوری، وزیراعظم کو بتائیں کہ حکومتِ سندھ نے توانائی بحران کے حل کے لیے نتیجہ خیز اقدام کیے ہیں۔ سندھ واحد صوبہ ہے جو انتہائی سستی بجلی پیدا اور نیشنل گرڈ میں شامل کر رہا  ہے۔

ای پیپر دی نیشن