بھارت مقبوضہ کشمیر کو آباد کاروں کی کالونی میں تبدیل کررہا عالمی برادری نوٹس لے : حریت کانفرنس

 سری نگر(کے پی آئی) کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر کا حل نہ ہوناخطے میں کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں اقوام متحدہ اور دنیا کی بڑی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کو خطے میں عدم استحکام کی صورتحال کو مزید بڑھانے سے روکیں۔انہوں نے نئی دہلی کے زیر کنٹرول قابض انتظامیہ کی طرف سے غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل جاری کرنے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کو آباد کاروں کی کالونی میں تبدیل کر رہا ہے۔ ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیرکی موجودہ صورتحال کا نوٹس لے۔انہوں نے کہا کہ بھار ت کا اصل ہدف مقبوضہ جموں و کشمیر کے مقامی لوگوں کو پسماندگی کی طرف دھکیلنااور ان کا خاتمہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حریت رہنمائوں اور نوجوانوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی ان کو اپنے مقصد سے دستبردارہونے پر مجبورنہیں کرسکتی۔حریت ترجمان نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں تمام سیاسی جماعتوں اور ان کی قیادت پر زور دیا کہ وہ بھارتی غلامی سے نکل جائیں اور جموں و کشمیر اور اس کے باشندوں کی بقا کو درپیش خطرات سے بچنے کے لیے کشمیری عوام کی جدوجہد میں شامل ہوجائیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، بھارت اور کشمیریوں کی حقیقی قیادت سمیت تمام فریقین کے درمیان بات چیت طویل عرصے سے زیر التوا تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کا بہترین راستہ ہے۔

ای پیپر دی نیشن