مردان‘ راولپنڈی‘ ریاض (نامہ نگار + سٹاف رپورٹر + این این آئی) منکی پاکس سے متاثرہ مریض کے علاقے منگاہ میں حفاظتی تدابیر شروع کر دی گئیں‘ جبکہ ڈی ایچ او ڈاکٹر جاوید اقبال کی نگرانی میں متاثرہ مریض کو حفاظتی کٹس فراہم کر دئیے گئے۔ اسی طرح علاقے میں جراثیم کش سپرے بھی کیا جا رہا ہے۔ ڈی۔ ایچ او ڈاکٹر جاوید اقبال نے بتایا کہ مریض کو گھر میں قرنطینہ کر لیا گیا جہاں اس کی حالت بہتر اور خطرے سے باہر ہے۔ دریں اثناء وزیراعلی خیبر پی کے علی امین خان گنڈا پور کے عوامی ایجنڈا پروگرام کے تحت ڈی سی مردان میاں بہزاد عادل نے مردان میڈیکل کمپلیکس اور ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا۔ ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ نے ایم پاکس کی روک تھام کے حوالے سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا، ایم پاکس کی روک تھام اور سکیننگ کے لیے تیاریوں کا جائزہ لیا۔ ڈاکٹر مختار بھرتھ نے ائیرپورٹ اتھارٹی اور ائیرپورٹ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے درمیان موثر تعاون پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ائیرلائنز کو ہدایات دی ہیں۔ مسافروں کو ماسک دیں اور عملہ بھی پہنے‘ سامان بھی ڈی انفیکٹ کیا جائے۔ سعودی ہیلتھ اتھارٹی کے ترجمان نے کہا کہ کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔