اوکاڑہ : منانے میں ناکامی پر بیوی کو قتل کرکے خود کشی‘ سالی زخمی  

اوکاڑہ ‘ بہاول پور‘ قصور‘سمندری‘کامونکی(نامہ نگاران +نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی) تھانہ اے ڈویژن اوکاڑہ کی حدود میں المناک واقعہ نوجوان نے روٹھی بیوی کو منانے میں ناکامی پر دلبرداشتہ ہوتے ہوئے بیوی کو چھریوں کے وار سے قتل اور سالی کو شدید زخمی کرنے کے بعد خودکشی کر لی ۔پولیس نے دونوں نعشوں اور زخمی خاتون کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کامونکی کے رہائشی ثقلین نامی نوجوان کی بیوی عمارہ روٹھ کر تھانہ اے ڈویژن کے علاقہ فرید آباد میں اپنی بہن کے گھر آئی ہوئی تھی جس کو منانے کے لیے اسکا شوہر ثقلین آیا لیکن اسکی بیوی عمارہ نہ مانی جس پر دلبرداشتہ ہوتے ہوئے ثقلین نے تیز دھار چھری کے وار کر کے بیوی عمارہ کو قتل کر دیا جس کو بچانے کے لیے اسکی سالی آگے بڑھی تو ثقلین نے اس کو شدید زخمی کرنے کے بعد گھر سے باہر نکل کر اسی چھری سے خود کو بھی شدید زخمی کر لیا جو کہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔بہاول پورریلوے سٹیشن کی قریب نامعلوم شخص نے ٹرین تلے آکرمبینہ خودکشی کرلی۔سمندری‘تھانہ سٹی کے علاقہ محلہ شوکت آباد میں گھریلوجھگڑے سے تنگ آکر نوجوان نے زہریلی گولیاں نگل کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ قصور‘نتھووالی گائوں میں گھریلو جھگڑے سے دلبرداشتہ شادی شدہ خاتون نسماء بی بی نے زہریلا کیمیکل پی کرزندگی کاخاتمہ کرلیا۔بہادر پورہ قصور کے رہائشی کرامت علی نے گھریلو جھگڑے سے تنگ آ کر گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں نگل کر خود کشی کرلی۔کامونکی محلہ رسول نگر کے سبطین حیدر نے والدین کی ڈانٹ ڈپٹ سے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کرلی۔

ای پیپر دی نیشن