اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ نوائے وقت) وزیر مملکت آئی ٹی شزہ فاطمہ نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ کو بند کیا نہ سست کیا گیا۔ وی پی این کے زیادہ استعمال سے مسئلہ پیدا ہوا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انٹرنیٹ سپیڈ میں بہتری کیلئے چار نئی کیبلز بچھائی جا رہی ہیں۔ کوشش ہے کہ آنے والے دنوں میں انٹرنیٹ صارفین کو مشکلات نہ ہوں۔ حکومت کے امور کو ہم جلد پیپر لیس کریں گے۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار آئی ٹی کی برآمدات میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا۔ رواں سال آئی ٹی برآمدات 3 ارب روپے سے تجاوز کر گئیں۔ پاکستان نے پہلی دفعہ اے آئی میٹا کے مقابلوں میں حصہ لیا، وزیر مملکت آئی ٹی نے کہا کہ 10ہزار بچوں کو ’’کوڈنگ پروگرام‘‘ کے ذریعے مختلف سکلز کی تربیت فراہم کی جائیں گی۔ پرائمری سکول سے بچوں کو کوڈنگ سکلز کی تربیت کا عمل شروع کرنے جا رہے ہیں۔ اندازہ ہے انٹرنیٹ سلو ہونے سے عوام میں غم و غصہ ہے۔ حکومت کسی کی نگرانی نہیں کر رہی، سوشل میڈیا پر ہراسانی روکنے کیلئے کام کر رہے ہیں۔ ’’پاکستان سٹارٹ اپ فنڈ‘‘ قائم کیا جائے گا۔ ملک میں 250 ای روز گار سینٹرزکھولنے جا رہے ہیں۔ کوڈنگ سکلز کے حوالے سے 5 زبانوں میں پروگرام لانچ کر رہے ہیں۔ اے آئی پروگرام شرع کر رہے ہیں، ڈی جی سکلز میں45 لاکھ سے زائد بچوں کا اندراج ہو چکا ہے ۔ پاکستان نے پہلی بار میٹا کے اے آئی عالمی مقابلے میں حصہ لیا۔ اسلام آباد آئی ٹی پارک10 ہزار سے زائد افراد کو روز گار ملے گا، اسلام آباد اور کراچی شہر میں سپیشل ٹیکنالوجی پارک بنائیں گے۔ آئی ٹی کیلئے خطیر بجٹ اس شعبے کی ترقی کیلئے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے عزم کا عکاس ہے۔ وزیر اعظم نے معاشی مشکلات کے باوجود آئی ٹی کے شعبے کے لئے60 ارب کا بجٹ مقرر کیا، حکومتی کاموں کو بھی پیپر لیس کریں گے تاکہ کام آسانی سے ہو سکے۔ ڈیجیٹائزیشن سے حکومتی امور میں شفافیت آئے گی، معیشت کی ڈیجیٹائزیشن کیلئے قومی ڈیجیٹائزیشن کمشن قائم کیا جا رہا ہے۔
انٹرنیٹ بند نہ کیا سلووی پی این کے زیادہ استعمال سے مسئلہ بنا: شزہ فاطمہ
Aug 19, 2024