اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) تربت 18 اگست کو وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے تربت میں واقع فرنٹیئر کور ساؤتھ بلوچستان کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔فرنٹیئر کور ساؤتھ کے انسپکٹر جنرل میجر جنرل بلال سرفراز خان نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا استقبال کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے فرنٹیئر کور ساؤتھ کے ہیڈ کوارٹر میں یادگار شہداء پر حاضری دی‘ پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیرداخلہ نے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے فرنٹیئر کور کے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ بعد ازاں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے فرنٹیئر کور ساؤتھ ہیڈ کوارٹر میں اہم اجلاس کی صدارت کی۔ وفاقی وزیر داخلہ کو فتنہ خوارج کے خلاف آپریشنز اور انسداد سمگلنگ کی کاروائیوں کے بارے بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں قیام امن اور انسداد سمگلنگ کیلئے فرنٹیئر کور سائوتھ کی کارکردگی کو سراہا۔ ا فتنہ خوارج کے مذموم عزائم ناکام بنانے میں ایف سی ساوتھ فرنٹ لائن پر ہے۔ فرنٹیئر کور نے مشکل حالات میں امن کیلئے مثالی خدمات انجام دی ہیں ۔ فرنٹیئر کور ساؤتھ کے افسران اور جوان بلوچستان میں امن کیلئے ہراول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ آپ کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری پر ناز ہے۔ فرنٹیئر کور ساؤتھ کی ضروریات کو وسائل میں رہتے ہوئے پورا کیا جائے گا۔ بلوچستان کی خوشحالی و ترقی پائیدار امن سے منسلک ہے۔ بلوچستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے جامع اقدامات کی ضرورت ہے، بلوچستان کی پائیدار ترقی کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کو ایک صفحے پر آنا ہو گا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے باعث حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہارافسوس کیا ہے ۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا وزیرداخلہ محسن نقوی نے زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔