وزیراعلیٰ ہائوس سندھ  میں اجلاس ،شرکاء کے سامنے جگ اور گلاس رکھے گئے

کراچی(کامرس رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت اتوارکو وزیراعلیٰ ہائوس میں اجلاس شروع ہوا تو ارکان نے اپنی نشستوں پر بیٹھتے ہوئے نوٹ کیا کہ میز پر ان کے سامنے منرل واٹر والی پلاسٹک کی بوتلیں نہیں رکھی گئی ہیں بلکہ اس کی جگہ جگ اور گلاس رکھے ہوئے ہیں۔وزیر اعلی سندھ نے ارکان کو بتایا کہ سندھ کابینہ اجلاسوں میں منرل واٹر کی بوتلوں کا استعمال ختم کر دیا گیا ہے، میں نے وزیر اعلی ہائوس میں پلاسٹک کی بوتلیں بند کر دی ہیں، اس لیے اجلاس میں تمام شرکا کے سامنے پانی کی بوتل کی جگہ شیشے کے جگ رکھے گئے ہیں۔مراد علی شاہ نے کہاکہ ماحول کی بہتری کے لیے پلاسٹک بیگ، بوتلیں اور دیگر اشیا کا استعمال ترک کرنا ہوگا، ہمیں ماحول کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ حکومت نے تمام سرکاری دفاتر میں پلاسٹک کی پانی کی بوتل کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے اور اہلکاروں کو پینے کے پانی کے لیے جگ اور گلاس استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ای پیپر دی نیشن