کراچی (آئی این پی ) آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی قائم کردہ ٹاسک فورس کے رکن ایس پی گلشن اقبال سید عبدالرحمن کی سربراہی میں ٹاسک فورس نے نیو کراچی کے علاقے سیکٹر الیون جے میں گٹکا ماوے کے کارخانے پر چھاپہ مار کر بھاری مقدار میں گٹکا برآمد کرلیا۔ چھاپے کے دوران ٹاسک فورس کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ گیا اور اس دوران عوام نے ٹاسک فورس کی ٹیم کو اپنے گھیرے میں لے لیا جس پر پولیس کی جانب سے ہوائی فائرنگ کی گئی جبکہ نیو کراچی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور ٹاسک فورس کو بحفاظت مظاہرین کے چنگل سے نکال کر تھانے منتقل کر دیا۔ ایس ایچ او نیو کراچی زاہد لودھی نے بتایا کہ ان کی مدعیت میں ستار مچھیارے سمیت دیگر نامعلوم صورت شناس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا جبکہ چھاپے کے دوران ٹاسک فورس نے ڈھائی من (100) کلو کے قریب گٹکا برآمد کیا ہے۔ واقعے کے خلاف خواتین کی جانب سے نیو کراچی تھانے کے باہر احتجاج کیا گیا اور خواتین نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس چھاپے کے دوران پولیس اہلکاروں نے ہمیں تشدد کا نشانہ بنایا اور گھروں میں گھس کر الماریوں سے مبینہ طور پر رقم بھی نکالی گئی ہے جبکہ خواتین کی جانب سے پولیس کی چلائی گئی گولیوں کے خول بھی دکھائے گئے۔ اس حوالے سے ایس ایچ او نیو کراچی کا کہنا ہے کہ خواتین کی جانب سے جو الزامات سامنے آئے ہیں اس کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔