سیپرا  فعال ہونے کے بعد عوام کو بڑا ریلیف ملے گا،ناصر شاہ

Aug 19, 2024

 کراچی(کامرس رپورٹر) وزیر توانائی سندھ ناصر حسین شاہ نے کہاہے کہ سیپرا کے فعال ہونے کے بعد عوام کو بڑا ریلیف ملے گا،بجلی کے بلوں سے اضافی ٹیکسز کے خاتمے کیلیے وفاق سے بات کی جائے گی۔صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے سی ای او کے الیکٹرک سے رابطہ کیا جس میں انہوں نے کہاکہ بلوں میں نیا ٹیکس شامل نہ کیا جائے۔ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کے الیکٹرک کے بلوں سے ٹیکسز کے خاتمہ کیلیے سندھ حکومت کوشاں ہے، مختلف ٹیکسز کی شمولیت صارفین پر اضافی بوجھ ہے، مہنگی ترین بجلی عوام کی دسترس سے باہر ہے۔انہوں نے کہا کہ سولرائزیشن کے ذریعے عوام کو سستی اور مفت بجلی فراہم کی جا سکتی ہے۔صوبائی وزیر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سولرائزیشن کے منصوبوں کی رفتار تیز کی جائے، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے وژن اور منشور کی تکمیل کیلیے جنگی بنیاد پر منصوبوں کی تکمیل ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ 40 سرکاری عمارتوں کو 27 میگاواٹ سولرائزڈ کر چکے ہیں، 270 میگاواٹ کے سولر پارکس پر کراچی میں کام جاری ہے، 17 سرکاری عمارتوں پر سولرائزیشن کا کام جاری ہے جو رواں ماہ مکمل ہو جائے گا۔ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ کی 10 جیلوں میں بھی سولرائزیشن کا کام جاری ہے جو رواں سال مکمل ہوگا، 656 سرکاری اسکولز کو رواں سال کے آخر تک سولرائزڈ کر دیا جائے گا۔

مزیدخبریں