نائب امیر جماعت اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سے ملاقات کی ، ملاقات میں دھرنا کے موقع پر طے پانے والے معاہدہ پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے جما عت اسلامی اور وفاقی وزرا کی مذاکراتی ٹیموں کا جلد اجلاس بلانے پر اتفاق کیا گیا ۔لیاقت بلوچ اور وفاقی وزیر و سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن احسن اقبال سے ملاقات میں طے پایا کہ جماعت اسلامی اور وفاقی وزرا کی مذاکراتی ٹیموں کا جلد اجلاس ہوگا تاکہ دھرنا کے موقع پر طے پانے والے معاہدہ پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے ۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ 45 دن کی مدت میں 37 دن باقی رہ گئے ہیں، تاجر، صنعت کار اور ملک بھر کے صارفین 28 اگست کو ملک گیر شٹرڈائون کررہے ہیں، حکومت نے عوام کو ریلیف دینے میں سردمہری اور تاخیر کی تو پورے ملک سے کارواں لانگ مارچ کی شکل میں اسلام آباد کا رخ کریں گے، اس صورتِ حال کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر ہوگی ۔لیاقت بلوچ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی بحران گھمبیر تر ہورہا ہے ،پنجاب حکومت نے بجلی قیمت میں 14 روپے فی یونٹ کمی کا اعلان کیا ہے، دیگر صوبوں کو بھی اس کی تقلید کرنی چاہئے اور یہ ریلیف عارضی نہیں بلکہ مستقل بنیادوں پر ہونا چاہیے ،عارضی ریلیف ایڈہاک ازم کے کینسر کا حصہ اور عوام کیساتھ محض دھوکہ ہے ،ایک طرف ریلیف اور دوسری طرف تنخواہ دار طبقہ پر نئے پروفیشنل ٹیکس کا نفاذ حکومت کی دوغلی پالیسی اور ایک ہاتھ سے دیکر دوسرے ہاتھ سے لوٹنے کے مترادف ہے ،عوام پٹرول، بجلی کی اصل قیمت کی ادائیگی کا حق رکھتے ہیں ،عوام کو حقیقی ریلیف دینا ہے تو تنخواہ دار طبقہ پر ٹیکسز کا بوجھ کم، تاجروں، ایکسپورٹرز پر ناروا بندشیں ہٹانا ہونگی ،آئی پی پیز کی لوٹ مار سے ملک و قوم کو آزادی دلائی جائے؛ جاگیرداروں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے اور اشرافیہ کی عیاشیاں ختم کی جائیں۔ منصورہ اور لاہور میں سیاسی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہندوستان بنگلہ دیش میں اپنی ناکامی اور ذلت کا بدلہ لینے کے لیے انڈیا میں بنگلہ دیش سے متعلق جھوٹے پروپیگنڈہ سے اسلاموفوبیا کو تیز کررہا ہے اور مسلمانوں کے خلاف ہندوتوا کا ظلم مسلط کرکے فاشسٹ مودی انتخابات میں شکست کا بدلہ انڈین مسلمانوں سے لینا چاہتا ہے ،اب یہ امر بالکل عیاں ہوگیا کہ دنیا میں کوئی ملک امریکہ یا کسی اور عالمی استعماری قوت کا تسلط برداشت نہیں کررہا ،ہندوستان بھی جنوبی ایشیا کے ممالک میں مداخلت، دہشت گردی اور بالادستی قائم کرنے کا شیطانی آمرانہ استعماری کھیل بند کرے. بڑی جمہوریت کا دعویدار ملک انسانی حقوق پامال نہ کرے، جمہوریت کی پاسداری کرے ،اب خطہ میں مودی فاشزم نہیں چلے گا ،بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت کا حق تسلیم کرے ۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ ریاست معاشرہ اور نظامِ حکمرانی کے زوال پذیر ہونے کی پہلی علامت معاشرے میں سیاسی عدم استحکام، لاقانونیت، ناانصافی ہوتی ہے ،حکمران قیادت اوراسٹیبلشمنٹ نے پاکستانی معاشرہ کو جمہوری اقدار سے محروم کردیا ہے ،کرپشن، نااہلی، مفادپرستی اور بدانتظامی کی وجہ سے ریاست کی عملداری مخدوش اور معاشی بدحالی سے نجات مشکل تر بنادی گئی ہے ،تمام سٹیک ہولڈرز کو ماضی سے سبق سیکھنا چاہیے ،انسانی، قومی اور پاکستانیت کے جذبہ کیساتھ ملک کو سنبھالنا ہوگا ،جماعتِ اسلامی کی ''حق دو عوام کو''تحریک، دھرنا اور احتجاجی جلسوں نے پوری قوم میں امید اور بیداری کی نئی لہر پیدا کردی ہے،محب وطن سیاسی کارکنان اور نوجوان جماعتِ اسلامی کا ساتھ دیں اور حافظ نعیم الرحمن کے دست و بازو بن جائیں تو انشااللہ ملک و ملت بحرانوں سے نجات پالیں گے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے ملاقات
Aug 19, 2024 | 14:02