بجلی بلوں پر صرف پنجاب کو ریلیف دینا امتیازی سلوک ہے۔فاروق ستار

 متحدہ قومی موومنٹ پاکستان  کے رہنما و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ بجلی بلوں پر صرف پنجاب کو ریلیف دینا امتیازی سلوک ہے۔کراچی میں ایم کیو ایم رہنما امین الحق اور اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام کو مہنگائی اور ناانصافی کی چکی میں پسا جا رہا ہے، ناانصافیوں، ظلم، جبر، امتیاز کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی سب سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے، پنجاب میں بجلی کی قیمتوں میں ریلیف دیا گیا، صرف پنجاب کو ریلیف ملنا امتیازی سلوک ہے،  نیپرا نے ایڈجسٹمنٹ کے نام پر فی یونٹ 3 سے 5 روپے اضافہ کردیا، سندھ کے لوگ بھی ریلیف کے حقدار ہیں، کراچی والوں کو بھی پنجاب کی طرح 14 روپے فی یونٹ کم کئے جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے صارفین کے بلوں میں تین سے 5 روپے فی یونٹ اضافہ کر دیا گیا، شہری 64 روپے فی یونٹ بجلی کی قیمت ادا کر رہے ہیں، شہر قائد کے عوام کو کئی دھاری تلواروں سے کاٹا جا رہا ہے، ہمارے رہائشی صارفین کو کوئی رعایت نہیں دی جا رہی۔فاروق ستار نے مزید کہا کہ ہمارے صنعتی صارفین 55 روپے فی یونٹ پہلے ہی سے رہے ہیں، رہائشی صارفین پر قیامت پر قیامت ڈھائی جا رہی ہے، بجلی کی قیمت کو ساتویں آسمان سے بھی اوپر پہنچا دیا گیا ہے، لوگوں کو مجبور کیا جا رہا ہے کہ سٹریٹ کرائم کریں، مجبور کیا جارہا ہے کہ لوگ سڑکوں پر بیٹھ جائیں۔

ای پیپر دی نیشن