رات کو اگر کوئی فرد بحری جہاز سے سمندر میں گرجائے تو اس کے بچنے کا امکان بہت کم ہوتا ہے۔ مگر ایک خوش قسمت ملاح بحیرہ روم کے تاریک پانی میں کئی گھنٹے تک رہنے کے باوجود زندہ بچنے میں کامیاب ہوگیا۔یہ واقعہ مشرقی بحیرہ روم میں قبرص کے سمندری علاقے میں پیش آیا۔حکام کے مطابق پاناما سے تعلق رکھنے والے ایک کمرشل بحری جہاز Nivin میں سوار 24 سالہ لبنانی ملاح 18 میٹر بلندی سے سمندر میں گرگیا۔حکام نے مزید بتایا کہ بحری جہاز کی جانب سے مدد کی درخواست کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ان کے عملے میں شامل ایک فرد سمندر میں گرگیا ہے۔اس درخواست پر ایک ہیلی کاپٹر جنوب مشرقی قبرص سے روانہ کیا گیا جس نے سمندر میں موجود اس شخص کو تلاش کرنے کی کوشش کی۔اس ہیلی کاپٹر میں حرارت محسوس کرنے والے سنسرز نصب تھے مگر وہ 10 اسکوائر میل کے رقبے میں اس شخص کو تلاش نہیں کرسکا۔اس کے بعد ہیلی کاپٹر ایندھن بھروانے کے لیے بیس پر واپس آگیا جبکہ قبرص کے حکام نے کمپیوٹر ماڈلز استعمال کرکے سمندری لہروں کے بہاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے بحری جہاز کو ملاح کی ممکنہ لوکیشن کے بارے میں بتایا۔جب وہ جہاز اس سمندری علاقے میں آدھی رات کو پہنچا تو اس پر سوار عملے نے ملاح کے رونے کی آواز سنی جو مدد کے لیے پکار رہا تھا۔وہ خوش قسمت شخص 5 گھنٹے تک گہرے سمندر میں موجود رہا اور حیران کن طور پر اسے کسی قسم کا نقصان بھی نہیں ہوا، یہاں تک کہ طبی امداد کی ضرورت بھی نہیں پڑی۔حکام کے مطابق اس شخص کے سمندر میں گرنے کی وجہ جاننے کی ذمہ داری اس ملک کی ہے، جس سے جہاز کا تعلق ہے۔