”سٹہ بازوں‘ شوگر ملوں کا گٹھ جوڑ“ چینی ایک دن میں 400 روپے تک مہنگی

Dec 19, 2009

سفیر یاؤ جنگ
لاہور (کامرس رپورٹر) سٹہ بازوں اور شوگر ملز کے گٹھ جوڑ سے ایک ہی دن (جمعہ) میں چینی کی 100 کلو کی بوری کی ایکس ملز قیمت میں 250روپے، تھوک میں 400 اور پرچون میں 2 روپے کلو اضافہ ہو گیا ہے۔ اس اضافے سے چینی کی بوری کا ایکس ملز نرخ 5300 روپے سے بڑھ کر 5550، مقامی تھوک مارکیٹ میں 5200 سے بڑھ کر 5600 روپے اور پرچون میں 56 سے بڑھ کر 58 روپے کلو ہو گیا ہے۔ لاہور شوگر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر اصغر بٹ نے بتایا کہ سٹہ بازوں، شوگر ملوں کے ایجنٹوں اور شوگر ملوں نے آپس میں گٹھ جوڑ کرکے مارکیٹ میں چینی کی سپلائی طلب کے مقابلے میں کم کر دی ہے جس سے قیمت یکدم بڑھ گئی ہے۔ علاوہ ازیں مقامی تھوک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے کے دوران 16 کلو گھی کے درجہ اول کنستر کی قیمت میں 140 روپے اور درجہ دوئم کنستر کی قیمت میں 120 روپے اضافہ ہو گیا ہے جس کے بعد درجہ اول گھی کے کنستر کی قیمت 1730 روپے سے بڑھ کر 1870 جبکہ درجہ دوئم گھی کے کنستر کی 1600 روپے سے بڑھ کر 1720 روپے ہو گئی ہے۔
مزیدخبریں