اتحاد بنتے ٹوٹتے رہتے ہیں، مسلم لیگ ن کیساتھ ابھی وہ مرحلہ نہیں آیا: شاہ محمود

Dec 19, 2011

سفیر یاؤ جنگ
لاہور (سٹاف رپورٹر) تحریک انصاف کے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے درمیان سیز فائر کرانے کی خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے ایسے کسی اقدام کو قبل از وقت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست میں اتحاد اور الائنس بنتے ٹوٹتے رہتے ہیں ابھی مسلم لیگ ن کیساتھ وہ مرحلہ نہیں آیا، تحریک انصاف ذاتیات کی بجائے پالیسیوں پر تنقید کرے گی، تاہم ملک کی جمہوری قوتوں کو بھی اب اپنا ضابطہ اخلاق بنا لینا چاہئیے اور پارلیمانی حدود میں رہتے ہوئے ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بنانا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کا سیاسی ماحول جس طرح گرم ہو چکا ہے اس کے بعد قبل از وقت انتخابات کو بعید از قیاس قرار نہیں دیا جا سکتا، انہوں نے کہا کہ پنڈی گھیب میں تحریک انصاف کے کامیاب جلسے اور لاہور میں دینی جماعتوں نے جس طرح حکومت اور اسکی پالیسیوں پر عدم اعتماد کیا ہے اور پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں107میں سے64ممبران کی شرکت نے ثابت کر دیا ہے کہ اب موجودہ حکمرانوں کا جانا ٹھہر گیا ہے، وہ اب جتنے مرضی فنڈز تقسیم کرتے پھریں، ضمنی الیکشن میں وزیر اعظم کے صاحبزادے موسی گیلانی کے مقابلے میں الیکشن میں حصہ لینے کے سوال پر انہوں نے کہاکہ ابھی تو اسمبلی سیکرٹریٹ نے میرے استعفے کا نوٹیفکیشن بھی جاری نہیں کیا، نئی سیاسی صورتحال کو مد نظر رکھ کر پارٹی کی کور کمیٹی ضمنی الیکشن میں حصہ لینے یا نہ لینے کا فیصلہ کرے گی۔
مزیدخبریں