زرداری نے پیپلزپارٹی پر خودکش حملہ کرکے اُُسے تباہ کر دیا : عمران خان

پنڈی گھیب (نامہ نگار+ ایجنسیاں) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پنڈی گھیب میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ بدل رہی ہے اور ایک نیا پاکستان بننے جا رہا ہے آج تک دو جماعتیں باریاں لیتی رہیں۔ پیپلزپارٹی جسے بڑے سے بڑے آمر تباہ نہ کر سکے مگر زرداری نے پیپلزپارٹی پر خودکش حملہ کرکے اُُسے تباہ کر دیا۔ مسلم لیگ (ن) گذشتہ 25 سالوں سے پنجاب میں پانچ دفعہ حکومت میں ہے جو وہ پانچ دفعہ نہ کر سکے چھٹی دفعہ کیسے کریں گے۔ اب چھٹی باری نہیں آئے گی کیونکہ اب سونامی آ گیا ہے، اب یہ سونامی کراچی پہنچنے والا ہے، ایک نیا دور کراچی اور پاکستان میں آنے والا ہے۔ میں ساری پرانی جماعتوں کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ مل کر بھی اس سونامی کو نہیں روک سکتے۔ انہوں نے کہاکہ 30 اکتوبر کو لاہور میں میچ جیت لیا، لاہور تحریک انصاف کا ہے، ہم تھانہ اور پٹواری کلچر کا خاتمہ کریں گے، پھر باری کا انتظار کرنے والوں سے کہتا ہوں میاں صاحب جان دیو۔ مسلم لیگ (ن) پنجاب میں 5 باریاں لے چکی ہے چھٹی نہیں لینے دیں گے۔ اس وقت پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) تحریک انصاف سے خوفزدہ ہیں اور اپنے ایم این ایز اور ایم پی ایز کو 7,7 کروڑ روپے دے رہے ہیں تاکہ وہ پارٹیاں نہ چھوڑیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملک کو فوج، عدلیہ سے خطرہ نہیں بلکہ زرداری اورگیلانی کی لوٹ مار، کرپشن اور نااہلی سے خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا میڈیا کوآرڈینیٹر 63 کروڑ روپے کا غبن کرتا ہے اس کے خلاف ایف آئی اے ایکشن کیوں نہیں لیتی۔ میمو کیس جیمز جونز کے بیان حلفی کے بعد بھی ختم نہیں ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن