وقت آنے پر بتاﺅں گا نوازشریف نے آرمی چیف کو عدالت کیوں گھسیٹا: رحمن ملک

Dec 19, 2011

سفیر یاؤ جنگ
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت نیوز) وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے مجھے معلوم ہو گیا ہے نوازشریف نے آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کو فریق کیوں بنایا لیکن معاملہ کیا ہے یہ وقت آنے پر بتاﺅں گا۔ پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر اسلام آباد میں اسلحہ نمائش میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا میں دبئی کوئی پیغام لے کر نہیں بلکہ پاکستانی عوام کا پیغام لے کر گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا مجھ سے پوچھا جاتا ہے آج تک کوئی پاکستانی اپنے سپہ سالاروں کو عدالت میں لے کر نہیں گیا تو پھر نوازشریف نے ایسا کیوں کیا۔ اس بارے میں بھی مجھے علم ہے لیکن وقت آنے پر بتاﺅں گا۔ انہوں نے کہا پاکستان اور حکومت کے دشمن بہت جلد شکست کھائیں گے۔ انہوں نے کہا ناجائز اسلحہ کی روک تھام کے لئے فاٹا میں اسلحہ فیکٹریوں کو رجسٹرڈ کرنا ہو گا۔ درہ آدم خیل سے آنے والے ناجائز اسلحہ لانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا ٹیپ سکینڈل کی تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں جن سے بہت جلد قوم کو آگاہ کیا جائے گا جبکہ منصور اعجاز کے پاس کوئی الہامی کتاب نہیں کہ وہ جو کہیں سب مان جائیں۔ انہوں نے کہا دبئی میں میری امارات کے وزیر داخلہ سے بھی ملاقات ہوئی اور ان کے ساتھ ملزمان کے تبادلے سے متعلق معاہدے کے معاملے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، قیدیوں کی تفصیلات جمع کرنے کیلئے امارات کے سینئر حکام پر مشتمل ٹاسک فورس جلد پاکستان کا دورہ کرے گی۔ انہوں نے کہا آج پورا ملک منصور اعجاز کے پیچھے پڑا ہے اس کے پاس کوئی الہامی کتاب نہیں ہے کہ وہ جو کہے مان لیا جائے، امریکی شہری نے پاکستان کے اندر ماحول خراب کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دنوں ملک میں بہت افواہیں پھیلائی گئی ہیں اب میں الٹے سیدھے ایس ایم ایس کرنے اور افواہیں پھیلانے والوں کیخلاف ایکشن لوں گا۔انہوں نے کہا ٹیپ سکینڈل کی تفصیلات طلب کرلی ہیں، جلد قوم کو آگاہ کروں گا۔ عوام جاننا چاہتے ہیں ٹیپ سکینڈل کی سازش کیا تھی۔
مزیدخبریں