لاہور(کامرس رپورٹر)وفاقی وزیر پیداوار چودھری انور علی چیمہ نے کہا کہ سرگودھا انڈسٹریل پارک میں مقامی طور پر حاصل کردہ کوئلے سے دس میگاواٹ کا بجلی گھر قائم کیا جائے گا جبکہ ملک میں قائم ہونے والے دیگرانڈسٹریل پارک میں بھی کوئلے سے چلنے والے بجلی گھر بنائے جائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سرگودھا انڈسٹریل پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ سڑکوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے لیے انہوں نے سابقہ دور میں ساڑھے سات ارب روپے کے منصوبوں پر عمل درآمد کیا۔ علاوہ ازیں سرگودھا میں میڈیکل کالج اور یونیورسٹی کا قیام بھی عمل میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ پارک بننے سے تین ارب روپے کی سرمایہ کاری ہوگی اور بیس ہزار افراد کو روزگار کے مواقع حاصل ہونگے۔