صدر کیخلاف بدزبانی، لیگی قیادت پر آرٹیکل 63کے تحت مقدمہ درج کیا جائے: گورنر

Dec 19, 2012

لاہور (خبر نگار)گورنر پنجاب سردار لطیف خاں کھوسہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت صدر پاکستان کے بارے میں جس قسم کی اخلاق سے عاری اور گھٹیا بیان بازی کرتے ہیں وہ نہ صرف وفاق کی تذلیل کے زمرے میں آتا ہے بلکہ ملک کے 20کروڑ عوام کی توہین بھی ہے۔ ان کے خلاف آئین کے آرٹیکل 63کے تحت مقدمہ درج ہونا چاہئے جو کہ نااہلی کے زمرے میں آتا ہے۔ اگر معزز ججز کے خلاف بات کرنے پر پابندی ہے اور ایکشن ہوتا ہے تو پارلیمان سے درخواست کرتا ہوں کہ ایسا قانون بنائیں کہ ملک کے منتخب صدر کے خلاف بھی کوئی بدزبانی نہ کر سکے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ضلع خوشاب کی تحصیل قائد آباد میں نادرا آفس اور پانچ یونین کونسلز میں سوئی گیس کی فراہمی کا افتتاح کے بعد منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے، عوام کے ووٹوں پر یقین رکھتی ہے۔ پیپلز پارٹی نے کبھی بھی اقتدار کی سیاست نہیں کی۔ اُنہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا وطیرہ ہے کہ اُنہوں نے ہمیشہ مارشل لاءکی کوکھ سے جنم لیتے ہوئے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا اور غیر جمہوری قوتوں کی بیساکھیوں کا سہارا لیتے ہوئے چور دروازے سے اقتدار میں آنے کی کوشش کی ۔ حال ہی میں ضمنی الیکشن میں انہوں نے پھر دھاندلی اور دھونس کے ساتھ 1990ءکے دَور کو دہرایا ہے۔ یہ لوگ غیرجمہوری رویوں کی پیداوار ہیں ۔ اُنہوں نے کہا یہ لوگ آزاد عدلیہ کی بات تو کرتے ہیں لیکن انہیں یاد نہیں کہ انہوں نے اپنے دَور میں عدلیہ کے ساتھ کیسا سلوک روا رکھا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ 27دسمبر کو محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی برسی کے موقع پر بلاول بھٹو عوام سے خطاب کریں گے اور بتائیں گے کہ عوامی لیڈر شپ کسے کہتے ہیں۔ قبل ازیں، گورنر پنجاب سردار محمد لطیف خاں کھوسہ نے بجلی کی فراہمی کے منصوبوں کی تکمیل کے بارے میں متعلقہ افسران سے تفصیلات طلب کیں۔ اس موقع پر ڈاکٹرعاصم حسین، تنویر بٹ، محترمہ آمنہ ملک اور پیپلز پارٹی کی مخلص قیادت، پیپلزپارٹی آرگنائزیشن اور فیڈرل گورنمنٹ کے محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں