مسجد الحرام کے سینئر امام شیخ عبداللہ السبیل کو سپرد خاک کر دیا گیا

مکہ مکرمہ (مبشر اقبال لون استادانوالہ سے) حرمین شریفین امور کی انتظامیہ کے سابق سربراہ اور مسجد الحرام کے سینئر امام و خطیب فضیلة الشیخ محمد عبد اللہ السبیل حرکت قلب بند ہوجانے سے انتقال کرگئے۔ انکی نماز جنازہ مسجد الحرام میں ادا کی گئی جس میں پاکستانیوں سمیت لاکھوں فرزندان اسلام نے شرکت کی۔ انہیں آئمہ حرم کے قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔ امام کعبہ الشیخ محمد بن عبد اللہ السبیل اسلام کے قلعہ پاکستان اور پاکستانیوں سے بڑی محبت کرتے تھے۔ شریف خاندان کے ساتھ انکے گہرے مراسم تھے 28 مئی 1998ءمیں جب نوازشریف نے ایٹمی دھماکے کئے تو انہوں نے اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتے ہوئے بیت اللہ شریف میں شکرانے کے نوافل ادا کئے اور میاں محمد نوازشریف کو عالم اسلام کا بطلِ جلیل قرار دیا۔ اپریل 2009ءکو جب ایڈیٹر انچیف نوائے وقت گروپ جناب ڈاکٹر مجید نظامی کی اہلیہ محترمہ کا انتقال ہوا تو امام کعبہ نے نوائے وقت مکہ مکرمہ سے اظہار تعزیت کیا۔ وہ اپنے خطبات میں ببانگ دہل کہا کرتے تھے کہ دنیا کی کوئی طاقت اب قبلہ اول اور کشمیر کی آزادی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی اور شہداءکا مقدس خون جلد رنگ لائیگا۔ امام کعبہ الشیخ السبیل آزادی کشمیر و فلسطین، اتحاد بین المسلمین، سعودی عرب اور پاکستان سمیت دیگر تمام اسلامی ممالک کے استحکام و ترقی کیلئے خصوصی اجتماعی دعائیں بھی کراتے۔ سابق امام کعبہ کے انتقال پر سابق وزیراعظم پاکستان و مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں محمد نوازشریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف، حسین نوازشریف، سہیل ضیاءبٹ، طارق شفیع، مولانا محمد مکی حجازی، مولانا ماجد سعید، الشیخ احمد سعید، مولانا عبدالحفیظ مکی، سعید احمد عنایت اللہ، اسعد محمود، عبدالرﺅف، سیف الرحمن، سہیل بٹ، حمزہ سعید بٹ، ملک خورشید مولا، الطاف ہاشمی، فیاض فیروز بٹ، زاہد لون، فاروق گھمن، مرزا عنایت بیگ، مرزا الطاف احمد، ملک عابد، محمد رفیق بھٹی، چودھری ارشد گجر، غلام نبی رحمانی خانپوری، مبشر اقبال لون استادانوالہ، الشیخ منصور احمد حسن عجاج نے دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔لاہور سے خصوصی نامہ نگار کے مطابق مرکزی جمعیت اہل حدیث کے سربراہ پروفیسر ساجد میر کی قیادت میں وفد نے مکة المکرمہ میں امام کعبہ الشیخ عبداللہ بن سبیل کے جنازے میں شرکت کی۔ وفد میں مرکزی ناظم اعلیٰ حافظ عبدالکریم، مولانا ابوتراب اور عبدالمالک مجاہد شامل تھے۔ پروفیسر ساجد میر نے اپنے تعزیتی بیان میں مرحوم کی دینی، علمی اور رفاہی خدمات پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ امیر جماعة الدعوة پروفیسر حافظ محمد سعید، حافظ عبدالرحمن مکی، مولانا امیرحمزہ و دیگر نے امام کعبہ الشیخ محمد بن عبداللہ سبیل کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ امام کعبہ الشیخ عبداللہ بن سبیل کی عالم اسلام کے لئے گرانقدر خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔امام کعبہ کی ملک بھر میں غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔

ای پیپر دی نیشن