پنجاب اسمبلی میں گھنٹیاں بجتی رہیں‘ ارکان نہ آئے‘ 17 منٹ بعد اجلاس ملتوی

Dec 19, 2012

لاہور (خبرنگار) پنجاب اسمبلی کا اجلاس دو گھنٹے تاخیر سے شروع ہونے کے بعد صرف 17 منٹ جاری رہ کر کورم پورا نہ ہونے پر آج صبح 10 بجے تک کیلئے ملتوی کردیا گیا۔ کورم کی نشاندہی خاتون سرکاری رکن اسمبلی شگفتہ شیخ نے کی۔ کورم پورا نہ ہونے کی نشاندہی پر جب ارکان اسمبلی کی تعداد کم پائی گئی تو سپیکر کے حکم پر پانچ منٹ تک گھنٹیاں بجائی گئیں مگر ایوان میں صرف 62 ارکان کے موجود ہونے کی وجہ سے اجلاس شروع نہ ہوسکا اور سپیکر رانا محمد اقبال خان نے 30 منٹ تک دوبارہ گھنٹیاں بجانے کے احکامات جاری کرنے کی بجائے اجلاس آج صبح تک کیلئے ملتوی کردیا۔ پیپلز پارٹی کی خاتون اراکین ساجدہ میر، رفعت سلطانہ ڈار اور (ق) لیگ کی رکن اسمبلی ماجدہ زیدی نے کورم کی نشاندہی کرنے پر سرکاری خاتون رکن کی مذمت کی۔ اخبار نویسوں سے بات کرتے ہوئے ساجدہ میر نے کہا کہ اجلاس وزیر قانون رانا ثناءاللہ کے احکامات پر کورم کی نشاندہی کے ذریعے ملتوی کرایا گیا ہے۔ حکومت کا بلایا گیا اجلاس ہے لہٰذا کورم پورا کرنا بھی انکی ذمہ داری ہے۔ رانا ثناءاللہ نے پہلے کبڈی میں میچ ہروا دیا آج اجلاس ملتوی کروا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ آج عمران خان کیخلاف اسمبلی میں احتجاج کرنا چاہتی تھیں لیکن یہاں اجلاس ہی ملتوی کرا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی ہی کم عقل خواتین ارکان کی وجہ سے عمران خان نے خواتین کی مخصوص نشستوں کی مخالفت کی ہے۔ ماجدہ زیدی نے کہا کہ آج کا اجلاس غیرسرکاری ارکان کی کارروائی کیلئے تھا لیکن بدقسمتی سے خود حکومتی رکن نے اجلاس ملتوی کرا دیا۔

مزیدخبریں