ڈاکو اور چور بھی شرما جائیں زربابا چالیس چوروں نے اتنی کرپشن کی: وزیراعلیٰ پنجاب

Dec 19, 2012

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے تعلیم کے شعبے کی بہتری اور نوجوان نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے جتنے وسائل خرچ کئے ہیں اس کی مثال ملک کی تاریخ میں نہیں ملتی۔ اگر مشرف ان کے حواری اور اسلام آباد میں براجمان موجودہ کرپٹ حکمران وسائل کی لوٹ مار نہ کرتے تواس سے کہیں زیادہ وسائل فروغ تعلیم پر صرف کرتے۔ نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، قوم کی ان سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں، نوجوانوں نے ملک کو قائدؒ اور اقبالؒ کے تصورات کے مطابق ڈھالنا ہے، نوجوان اپنی محنت اور جدید علوم سے آراستہ ہوکر پاکستان کو امداد لینے والے ملک کی بجائے امداد دینے والاملک بناسکتے ہیں۔ ہمیں زربابا اور چالیس چوروں کو بھگانا ہے اور ملک کو کرپشن سے پاک کرکے ترقی وخوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرنا ہے۔ زربابا چالیس چوروں نے اس بے دردی سے پاکستان اور اس کے وسائل کو لوٹا ہے اور کرپشن کی ہے کہ ڈاکو چور بھی شرما جائیں وسائل پاکستان کی محرومیوں کے خاتمے پر خرچ کرنا ہونگے۔ پنجاب حکومت نے گزشتہ پانچ برس کے دوران ملک بھر کے پوزیشن ہولڈرز طلبا وطالبات میں 55کروڑ روپے کے نقد انعامات تقسیم کئے ہیں۔ ہم نے تعلیم کے شعبے میں انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے اور اب نوجوان نسل کو اس تعلیمی سفر کو آگے بڑھانا ہے۔قوم کے کروڑوں بچوں کو تعلیم دینے کے لئے پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت نے عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود کے لئے دن رات ایک کیاہوا ہے وہ الحمراءکلچرل کمپلیکس میں ٹاپرز کنونشن 2012ءسے خطاب کررہے تھے۔ تقریب میں صوبائی وزرائ، اراکین اسمبلی، یونیورسٹیوںکے وائس چانسلرز، تعلیمی اداروں کے سربراہان، اساتذہ، والدین اور طلبا وطالبات کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد اور چاروں صوبوں کے پوزیشن ہولڈرطلبا و طالبات بھی تقریب میں موجود تھے۔ شہباز شریف نے پوزیشن ہولڈر طلبا و طالبات ان کے والدین اور اساتذہ کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ مجھے آج قوم کے درخشندہ ستاروں کی حوصلہ افزائی کے لئے منعقدہ تقریب میں شرکت کرکے بے حد خوشی ہورہی ہے۔ ہم دوسرے صوبوں سے آئے ہوئے ہونہار طلبا وطالبات کو بھی تقریب میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ پنجاب حکومت نے گزشتہ پانچ برس میں تعلیم کے شعبے میں جو انقلابی اصلاحات کی ہیں اس کے فروغ تعلیم پر دوررس اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ وفاقی حکومت نے تعلیمی شعبے میں پنجاب حکومت کی معاونت کرنے کی بجائے تعلیمی پروگرام کی مخالفت کی۔ اس کے باوجود ہم اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ہم نے میرٹ کی بنیاد پر گزشتہ برس سوالاکھ سے زائد لیپ ٹاپ ہونہار طلبا وطالبات میں تقسیم کئے اور مزید لیپ ٹاپ کی تقسیم کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ امید ہے کہ لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبا وطالبات میں 10ہزار آئی ٹی کے ماہر سامنے آئیں گے جو پاکستان کو ترقی یافتہ قوموں کا مقابلہ کرنے کے قابل بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے اور ایک روز پاکستان بھی "سلیکون ویلی" بن جائے گا۔ طلبا وطالبات میں اڑھائی لاکھ سولر لیمپس کی تقسیم وفاقی حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے جس نے ملک و قوم کو اندھیروں میں دھکیل رکھا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ڈکٹیٹر مشرف اور اس کے حواری سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے ترقیاتی منصوبوں کے نام پر وسائل کوبے دردی سے لوٹا۔ 8کلب روڈ پر شاہانہ وزیراعلیٰ ہاﺅس کی تعمیر پر 2ارب روپے کے وسائل ضائع کئے گئے۔ جہاں پر صرف 12کروڑ روپے کے بلٹ پروف شیشے لگائے گئے ہیں۔ میں نے آج تک اس شاہانہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کا گیٹ تک بھی عبور نہیں کیا۔ 65کروڑ روپے کی لاگت سے وزراءکے لئے پرتعیش کمپلیکس کی تعمیر کے منصوبے کو میں نے بند کروایا۔ سابق وزیراعلیٰ نے پنجاب اسمبلی کے عقب میں اڑھائی ارب روپے کی لاگت سے منصوبہ شروع کیا۔ٹھوکر نیاز بیگ فلائی اوور اور لاہور قصور روڈ کے منصوبوں پر وسائل ضائع کئے اور ان منصوبوں کو مکمل کرنے کی بجائے ادھورا چھوڑا گیا اور کاغذی کارروائیوں کے ذریعے اربوں روپے خوردبرد کئے گئے ۔ کاش سابق حکمران وسائل کی لوٹ مار نہ کرتے اور ان کے دیانتدارانہ استعمال کو یقینی بناتے تو شاید قوم کو موجودہ صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔ اگر پچھلی حکومت سیکرٹ فنڈ کے نام پر 30کروڑ روپے خردبرد نہ کرتی تو یہ پیسہ بھی تعلیمی شعبہ کی بہتری پر صرف کیاجاتا۔ ہم نے کرپشن کو نکیل ڈالی اور وسائل کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا۔ عوام کی سہولت کے لئے میٹروبس سروس کا عظیم الشان منصوبہ جلد پایہ تکمیل کو پہنچنے والا ہے جس سے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم میں نمایاں تبدیلی آئے گی۔ انہوںنے کہاکہ کس قدر ستم ظریفی ہے کہ اسلام آباد کے حکمرانوں نے ڈینگی جیسی خطرناک بیماری میں بھی قاتلانہ سیاست کی۔ یہ حکمران چاہتے تھے کہ لاہور میں ڈینگی کی وجہ سے اموات ہوں اور پنجاب حکومت بدنام ہو۔ ہمیں اتحاد کی قوت سے ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنا ہے۔ ملک کو زربابا اور چالیس چوروں سے نجات دلا کر کرپشن کا خاتمہ کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے پوزیشن ہولڈر طلباوطالبات اور تعلیمی اداروں کے سربراہان میں 11کروڑ روپے سے زائد کے نقد انعامات تقسیم کئے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ میٹرو بس پراجیکٹ پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور مفادعامہ کا یہ عظیم الشان منصوبہ جلد سے جلد مکمل کیا جائے۔ ہم وقت کے ساتھ جنگ کررہے ہیں۔ تعمیراتی کام میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے پراجیکٹ پر بعض کاموں میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ کنٹریکٹرز مختلف سیکشنز پر کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کریں اور بس سٹیشنز پر کام کی رفتار کومزید تیز کیا جائے۔ وہ گزشتہ روز ماڈل ٹاﺅن میں میٹرو بس پراجیکٹ پر پیش رفت اور ٹریفک انتظامات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹ قوم کا قیمتی اثاثہ ہے۔ عوام نے بہت مشکلات کا سامنا کیا ہے اور ان کی تکالیف کا احساس ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کے دوران تمام محکمے آپس میں مربوط رہیں اورکام میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ پل کے نیچے سڑکوں کی تعمیر کا کام تیزی سے مکمل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے پراجیکٹ کے روٹ پر پڑا ملبہ فوری اٹھانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ 48 گھنٹے میں ملبہ اٹھا کر رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ میٹرو روٹ پر ہارٹی کلچر کا کام خوبصورت انداز میں کیا جائے۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے ماڈل ٹاﺅن انڈرپاس کو معروف افسانہ نگار و دانشور اشفاق احمد کے نام سے منسوب کرنے کی ہدایت کی۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف آج ایک روزہ دورے پر گوجرانوالہ آئیں گے۔ جہاں وہ فلائی اوور سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے اور طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے بھی خطاب کرینگے۔

مزیدخبریں