ہوبارٹ ( نیوز ایجنسیاں) آسٹریلیا نے سری لنکا کو پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں 137 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ مچل سٹارک اور پیٹر سڈل کی تباہ کن باﺅلنگ کی بدولت سری لنکن ٹیم 392 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دوسری اننگز میں 255 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ کمار سنگاکارا 63 اور تھیلان سمراویرا 49 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ مچل سٹارک آسٹریلیا کے سب سے کامیاب باﺅلر رہے، انہوں نے 5 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا، پیٹرسڈل نے 4 اور شین واٹسن نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ پیٹرسڈل نے میچ کی دونوں اننگز میں 9 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ منگل کو ہوبارٹ ٹیسٹ کے دوسرے روز سری لنکا نے 65 رنز 2 کھلاڑی آﺅٹ پر دوسری ادھوری اننگز شروع کی تو کمارسنگاکارا 18 اور مہیلاجے وردھنے 5 رنز پر کھیل رہے تھے، مہیلا جے وردھنے ایک مرتبہ پھر روایتی کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے اور 19 رنز بنا کر پیٹرسڈل کی گیند پر مائیکل کلارک کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہو گئے، 151 کے مجموعی سکور پر سری لنکن ٹیم کو اس وقت شدید دھچکا لگا جب سنگاکارا جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 63 رنز بنانے کے بعد پیٹرسڈل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ اینجیلومیتھیوز سری لنکا کے 5 ویں آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 19 رنز بنانے کے بعد پیٹرسڈل کی گیند کا نشانہ بنے، 218 کے مجموعی رنز پر سری لنکا کی چھٹی وکٹ گری اور تھیلان سمراویرا 49 رنز بنا کر پیٹرسڈل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ پراسنا جے وردھنے 21 رنز بنا کر مچل سٹارک کی گیند پر مائیکل ہسی کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے، نووان کولاسیکرا 9 رنز بنا کر سٹارک کی گیند پر واڈے کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے، 250 کے مجموعی سکور پر سری لنکا کی نویں وکٹ گری جب رنگناہیراتھ کو مچل سٹارک نے کلین بولڈ کیا، وہ 8 رنز بنا سکے۔ شامنداایرنگا سری لنکا کے آخری آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو سٹارک کی گیند کا نشانہ بنے اس طرح سری لنکا کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 255 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ مچل سٹارک نے 5 اور پیٹرسڈل نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شین واٹسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔