دبئی (آئی این پی) پاکستان کرکٹ بورڈ کی عبوری انتظامی کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے سابق ٹیسٹ کرکٹر مدثر نذر کو پاکستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کی پیشکش کر دی۔ ذرائع کے مطابق نجم سیٹھی ان دنوں متحدہ عرب امارات کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے آئی سی سی کی گلوبل اکیڈمی میں بطور ہیڈکوچ فرائض سر انجام دینے والے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے سابق کوچ مدثر نذر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں نجم سیٹھی نے مدثر نذر کو قومی ٹیم کی کوچنگ کی پیشکش کی۔ نجم سیٹھی نے مدثر نذر کو ورلڈ کپ 2015ء تک قومی ٹیم کی کوچنگ کی پیشکش کرتے ہوئے انہیں مکمل اختیارات دینے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ نجم سیٹھی نے مدثر نذر کو بھاری معاوضے اور مراعات دینے کاوعدہ کیا۔ مدثر نذر نے بتایا کہ وہ مشاورت کے بعد کوئی جواب دیں گے۔ نجم سیٹھی نے مدثر نذر سے درخواست کی کہ وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی بہتری کیلئے کردار ادا کریں۔ وہ آئندہ ورلڈ کپ سے پہلے قومی ٹیم کی تشکیل نوکر کے مضبوط ٹیم انتظامیہ کے ذریعے پاکستان کا مضبوط سکواڈ تشکیل دینا چاہتے ہیں۔ امید ہے کہ مدثر نذر اس کاوش میں پی سی بی کے ساتھ تعاون کریں گے۔