کشمیر ہماری شہ رگ ہے اسے کیسے چھوڑ سکتے ہیں: سیکرٹری خارجہ

Dec 19, 2013

اسلام آباد (ثناء نیوز) نئے سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان آج (جمعرات کو) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کے علاقوں پر ڈرون حملوں کے خلاف قرارداد پیش کر دے گا، کشمیر شہ رگ ہے اسے کیسے چھوڑ سکتے ہیں، خارجہ پالیسی پر پارلیمنٹ کی رہنمائی ہمارے لئے اعزاز ہو گی۔ پاکستان، بھارت تعلقات کے فروغ کیلئے بحالی اعتماد کے اقدامات تجویز کئے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خارجہ امور کو پاکستان کی خارجہ پالیسی پر بریفنگ کے دوران کیا۔ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سردار اویس احمد خان لغاری کی صدارت میں پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا کمیٹی نے اس امر پر اتفاق کیا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی وسیع تر اتفاق رائے پر مبنی ہونی چاہیے پارلیمانی و اقتصادی سفارت کاری کو فروغ دیا جائے۔ کمیٹی نے عبدالقادر ملا کو پاکستان کی حمایت میں پھانسی دینے کے خلاف قرارداد مذمت کی قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد بنگلہ دیش حکومت کے احتجاج کے حوالے سے حکومت کو فلور پر پالیسی بیان دینے کی سفارش کی، کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ آزاد و خودمختار پارلیمنٹ کو قرارداد منظور کرنے کا حق اور اختیار حاصل ہے۔ دفتر خارجہ کی نئی ترجمان تسنیم اسلم نے بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمشن کے سامنے مظاہرین کی جانب سے پاکستان کے جھنڈے کی بے حرمتی کی مذمت کی اور کہا ہے کہ پاکستانی ہائی کمیشن میں تعینات ملازمین اور سٹاف کی سکیورٹی بنگلہ دیش حکومت کی ذمہ داری ہے سیکرٹری خارجہ نے کمیٹی کو پاکستان کے افغانستان، بھارت، چین، امریکہ، مسلم ممالک، روس، ایران اور مختلف بین الاقوامی تنظیموں اور اداروں سے تعلقات کے بارے میں بریفنگ دی، پاکستان بھارت دیرینہ تنازعات سے آگاہ کیا اورکہا کہ اس حوالے سے وزیراعظم نے وزارت خارجہ کو ہدایات دی ہیں پالیسیوں پر پارلیمنٹ کے قائدانہ کردار کا اعتراف کرتے ہیں پارلیمنٹ کی رہنما ئی اعزاز ہو گا۔ کمیٹی نے پاکستان کو یورپی مارکیٹ میں جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کا خیرمقدم کیا اور وزارت خارجہ کو اس بارے میں شرائط سے پارلیمنٹ کو آگاہ کرنے کی سفارش کی ہے۔

مزیدخبریں