اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+نیشن رپورٹ) کور کمانڈر بہاولپور لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات کو سٹرٹیجک پلانز ڈویژن کا نیا ڈائریکٹر جنرل مقرر کر دیا گیا ہے۔ وہ آج سے لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد محمود قدوائی کی جگہ لیں گے۔ پاکستان کی نیوکلیئر اسٹیبلشمنٹ میں یہ اہم ترین تقرری ہے۔ پرویز مشرف کے ابتدائی عہد میں نیشنل کمانڈ اتھارٹی کی تشکیل کے بعد خالد قدوائی ایس پی ڈی کے ڈی جی مقرر ہوئے اور ایک عشرہ سے زائد تک اس عہدے پر فائز رہے۔ اس دوران انہیں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدہ پر دوبارہ توسیع دی گئی۔ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی وہ اس عہدہ پر فائز رہے اور اب نئی حکومت اور نیا آرمی چیف آنے کے بعد انہیں اس وقت ہٹایا گیا جب ان کے کنٹریکٹ میں ایک سال کی مدت باقی تھی۔ نیشن کے مطابق ڈائریکٹر جنرل سٹرٹیجک پلانز ڈویژن کی تبدیلی کے حوالے سے عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد احمد قدوائی کو حکومت مزید ایک سال کی توسیع دینا چاہتی تھی تاہم انہوں نے اس سے معذرت کر لی۔ وہ گذشتہ 14برس سے اس عہدے پر پاکستان کیلئے خدمات انجام دے رہے تھے جبکہ انہیں مدت ملازمت میں 7ویں بار توسیع دینے کا امکان تھا۔ اس حوالے سے وزیراعظم کو سمری بھی بھجوائی گئی تاہم لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد احمد قدوائی نے معذرت کرلی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں سکیورٹی اینڈ سٹرٹیجک معاملات کے حوالے سے کوئی اور اہم ذمہ داری دئیے جانے کا امکان ہے۔ انہیں وزیراعظم کا نیشنل سکیورٹی امور پر مشیر یا صدر کا مشیر مقرر کئے جا سکتا ہے۔