لندن سے جاری اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ پشاور میں درندہ صفت دہشت گردوں نے آرمی پبلک اسکول میں داخل ہو کر معصوم طلبہ و طالبات اور اساتذہ کو جس بیدردی سے چن چن کر شہید کیا ہے، وہ ناقابل بیان ہے۔ ایم کیو ایم ان شہید طلبہ و طالبات اور اساتذہ کو خراج عقیدت پیش کرنے اور ان کے لواحقین اور دہشت گردوں سے نبردآزما مسلح افواج سے اظہار یکجہتی کیلئے آج کراچی میں نمائش چورنگی سے تبت سینٹر تک قومی یکجہتی ریلی نکال رہی ہے۔ الطاف حسین نے پوری قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ اس ریلی میں شریک ہو۔ انہوں نے کہا کہ وہ آج اپنے خطاب میں طالبان، داعش اور دہشتگردوں کے حامیوں کے چہروں سے پردہ اٹھائیں گے۔ قائد ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ چاہے ان کے خطاب پر پابندی ہی کیوں نہ لگ جائے، وہ ایسے انکشافات کریں گے، جو اس سے قبل کسی نے نہیں کیے۔۔ بابائے قوم قائداعظم کے مزار سے متصل روڈ پر شمعیں روشن کی جائیں گی۔ اس موقع پر شہداء سانحہ پشاور کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی جائے گی۔