اسلام آباد(آن لائن) سندھ طاس معاہدے سے متعلق بات چیت مثبت انداز میں آگے بڑھنے لگی جس کے تحت معاملے پر باضابطہ بات چیت کا دورہ رواں ہفتے شروع ہونے کا امکان ہے۔ انڈس واٹر کمشن ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملے پر بھارت کی جانب سے مذاکرات کا مثبت جواب ملا ہے جس کے بعد باضابطہ بات چیت کا دور جلد شروع ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ عالمی بنک کی طرف سے متنازعہ ڈیموں اور منصوبوں سے متعلق تنازعات کے حل کے لیے دی گئی ڈیڈ لائن کے اندر تنازعہ کے حل سے متعلق دونوں ملکوں نے اپنے طور پر ایک مرتبہ پھر بات چیت کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے عنقریب بھارتی وفد پاکستانی دعوت پر لاہور کا دورہ کر سکتا ہے اور اس مناسبت سے انڈس واٹر کمشنر آصف بیگ مرزا کی طرف سے خط بھی تحریر کردیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق بھارت نے بات چیت کے لیے گرین سگنل تو دیا ہے لیکن دورے سے متعلق ابھی کوئی تاریخ یا دن فائنل نہیں ہو سکا، اس حوالے سے انڈس واٹر کمیشن کے حکام امکان ظاہر کررہے ہیں کہ مذاکرات اور بات چیت کا باقاعدہ دوررو اں ہفتے سے باضابطہ شروع ہو جائے گا۔واضح رہے کہ سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھارت کی طرف سے دریائے نیلم پر330 میگاواٹ کے کشن گنگا ڈیم اور دریائے چناب پر850 میگاواٹ کے منصوبے کی تعمیر پر پاکستان نے اپنے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا جس پر دونوں فریق عالمی بنک کے پاس گئے تاہم عالمی بنک نے اب دونوں ملکوں کو اپنے طور پر مسئلے کا حل تلاش کرنے کا موقع دیا ہے۔
سندھ طاس معاہدہ
سندھ طاس معاہدہ: پاکستان بھارت باضابطہ بات چیت رواں ہفتے شروع ہونےکا امکان
Dec 19, 2016