سی پیک کے اگلے مرحلے کا آغاز‘ کراچی سے پشاور تک ریلوے ٹرین کو گیٹ فری بنانے کا فیصلہ

Dec 19, 2016

کراچی(اے این این) وزیراعظم نواز شریف کی ہدایت پر پاک چین اقتصادی راہداری کے اگلے منصوبے میں ریل کے سفر کو تیز اور محفوظ بنانے کے لئے کراچی سے پشاور تک انڈر پاس یا اور ہیڈ برج بناکر ریلوے لائن کو گیٹ فری بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق فیصلے کے تحت ریلوے ٹریک کے دونوں جانب موٹر وے کے طرز کے آہنی جنگلے بھی لگائے جائیں گے ۔ذرائع کے مطابق ریلوے ٹریک کو گیٹ فری بنانے کے لیے منصوبے کا پہلا مرحلہ پشاور اور راولپنڈی کے درمیان شروع کیا جائےگا، منصوبے پر کام کا آغاز پشاور سے ہوگا اور پہلا مرحلہ آئندہ سال ہی مکمل کرلیا جائے گا۔وزیر اعظم نواز شریف نے منصوبے کی منظوری دے دی ہے ۔ذرائع کے مطابق منصوبے کے تحت کراچی سے پشاور تک پورے ٹریک پرجہاں بھی گیٹ ہیں وہاں یا تو اوور ہیڈ پلوں یا انڈر پاسز کے ذریعے ٹریفک کو گزارا جائے گا، اسی طرح ٹریک کے گرد جنگلے لگاکر ریلوے لائنز پر غیرقانونی کراسنگ کو بھی روکا جائے گا، تاکہ سفر کو تیز اور محفوظ بنایاجاسکے۔ سی پیک کے تحت بننے والے منصوبے کےلیے ریلوے کو فنڈز مہیا کردیے گئے ہیں، اسی طرح ریل ٹریک پر آٹو میٹک سگنل سسٹم لگا دیا ہے۔ حکام کے مطابق اس سے حادثات کو روکنے میں مدد ملے گی اور اگر کسی ٹریک پر ٹرین موجود ہوگی تو خودکار سسٹم کی مدد سے ڈرائیور کو پتہ چل جائے گا۔

ریلوے لائن/ فری گیٹ

مزیدخبریں