اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے ملک میں پیدا ہونے والی اشیاء کی قیمت کم کرنے اور برامدات بہتر بنانے کیلئے سڑکوں اور ریلوے کی حالت بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ ٹرانسپورٹ مافیا نے ریلوے کے کردار کو تقریباً ختم کر دیا ہے اسلئے صنعتی و زرعی پیداوار کی ترسیل کیلئے روڈ ٹرانسپورٹ پر انحصار کرنا پڑتا ہے جو ریلوے کی مقابلہ میں بہت مہنگی ہے جس سے کاروبار کی لاگت میں اضافہ ہوتا ہے جس کی قیمت عوام ادا کرتی ہے۔ اس سے برامدات بھی مہنگی ہو جاتی ہیں اور بین الاقوامی منڈی میں مسابقت کے قابل نہیں رہتیں جس سے بجٹ کا خسارہ بڑھ جاتا ہے اور حکومت کو کشکول اٹھانا پڑتا ہے۔ ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہ عوام کو سستی اشیاء کی فراہمی اور برامدی شعبہ کی کاروباری لاگت کم کرنے کیلئے ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا ضروری ہے تاکہ اشیاء کی فوری اور بروقت ترسیل کو یقینی بنایا جا سکے۔پاکستان کی بہت سے زرعی اشیاء دنیا بھر میں مشہور ہیں مگر ان کا چالیس فیصد نقل و حمل کے دوران ضائع ہو جاتا ہے جس سے کاشتکاروں کو سالانہ اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑتا ہے ۔