لاہور (خبر نگار) اتوار بازاروں میں پھلوں کی قیمتیں پھر بڑھ گئیں جبکہ سبزیوں کی قیمتوں میں ملا جلا رجحان رہا۔ اتوار بازاروں میں گوبھی کی قیمت صرف 5 روپے کلو مقرر کئے جانے سے گوبھی اتوار بازاروں سے غائب تھی اور اتوار بازاروں کے باہر صاف ستھری گوبھی کے پھول وافر مقدار میں زائد قیمتوں پر دستیاب تھے۔ ماکیٹ کمپنی کی مہربانی سے شکر قندی اور سنگھاڑے کی قیمت سٹالز پر نہیں لگائی گئی تھی جس کی وجہ سے 25 روپے کلو والی شکرقندی 40 اور 25 روپے کلو والے سنگھاڑے 50 روپے کلو دھڑلے سے بیچے جا رہے تھے۔ اتوار بازاروں سے وزراء کی دوری کا سلسلہ گزشتہ روز ختم ہوا اور وزیر خوران بلال یسین نہ صرف بازار کا معائنہ کرنے کرنے پہنچ گئے اور شادمان بازار میں فوڈ انسپکٹر سرفراز کی عدم موجودگی کا نوٹس لیکر اس کی معطلی کیلئے چٹھی بھی لکھوا دی۔ اتوار بازاروں میں سیب وانا 5 روپے اضافہ سے 65، سفید 40، مسمی 95، مالٹا 45، فروٹر دوم40، مالٹا سنگری 80، مکئی کا سٹہ 12 روپے کلو، پپیتا 100، شکرقندی 3 روپے اضافہ سے 25، انگور ٹافی 130، ناریل 100، جبکہ کھجور ایرانی 140، انگور گولہ 140 روپے، سیب کالا کولو 120، سیب کالا کولو میدانی 75، کیلا درجن 55، کھجور اصل 100، فروٹر اول درجن 75، انار بدانہ 270، انار قندہاری اول 160، انار قندہاری دوم 125، امرود 50، گریپ فروٹ فی عدد 18، انگور موٹا 150 کی قیمت برقرار رہی۔ لہسن چائنہ 285، لہسن دیسی 285، بینگن 12، کریلے 75، میتھی 20، بند گوبھی 35، ٹینڈیاں 25، گاجر دیسی 25، پیاز 20، آلو 18، ٹماٹر 28، لیموں 55، میٹھا 5، بھنڈی 5 روپے کمی سے 60، مٹر 20 روپے کمی سے 45 روپے کلو ہوگئی۔ ادرک تھائی لینڈ 90، ادرک چائنہ 120، ادرک انڈیا 60، کھیرا 30، گوبھی 5، گھیا کدو 10، ماڑو 20، سبز مرچ 60، شملہ مرچ70، اروی 35، مولی 10، گاجر چائنہ 65، ساگ 25 روپے کلو برقرار رہی۔صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہاہے کہ حکومت پنجاب نے عام آدمی کو معیاری اور کم نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے تمام اضلاع میں اتوار بازار قائم کر رکھے ہیں اور ان اتوار بازاروں میں مقررہ نرخوں پر معیاری اشیاء کی فروخت کو یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے-
اتوار بازاروں میں پھل مہنگے سبزیوں کی قیمتوں میں ملاجلا رجحان
Dec 19, 2016