لاہور(خبر نگار)گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ صنعت کا پہیہ چلے گا تو ملک ترقی کرے گا ،روز گار کے مواقع پیدا ہوں گے ، صنعتی ترقی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ،ہماری زراعت بھی صنعت سے منسلک ہے حکومت کاروبار کے لئے بہترین ماحول فراہم کر رہی ہے ،سی پیک کے منصو بے سے جنوبی پنجاب میں بھی معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی، صنعت و تجارت کو فروغ ملے گا جس سے اس خطے کی محرومیاں دور ہوں گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں صنعتکاروں اور تاجروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گونر پنجاب نے کہا کہ صنعت کار و تاجر ہمارے ملک کا بہت اہم طبقہ ہے ان کو بہترین اور ساز گار کاروباری ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضرب عضب کی کامیابی سے دہشت گردی میں کمی آئی ہے، امن و سکون بحال ہوا ہے ۔