رائیونڈ/ ایبٹ آباد/ شکارپور (نامہ نگار+ ایجنسیاں) ٹرالی سے ٹکرا کر الٹنے والے ٹرک نے موٹرسائیکل سوار خاتون سمیت 3 افراد کو کچل کر مار ڈالا، ایبٹ آباد میں وین کھائی میں گرنے سے 5 مسافر، شکار پور میں ٹرک کار تصادم میں بھی 5 افراد دم توڑ گئے۔ اتوار کے روز بھٹہ خشت کا خالی ٹرک لاہور سے رائے نڈ آ رہا تھا۔ جیابگا روڈ دھند سے پھاٹک کے قریب رائے ونڈ سے جانیوالی اینٹوں سے بھری ٹرالی سے بے قابو ہو کر ٹکرا گیا ٹرک قلابازیاں کھاتے ہوئے موٹرسائیکل سواروں کو ر وندھ کر ریلوئے لائن پر جا گرا جس کے نیچے آکر دو موٹر سائیکل سوار اشفاق جٹ ،کاشف نعیم اور ایک خاتون جاںبحق ہو گئے۔ خاتون کی شناخت نہیں ہو سکی عینی شاہدین کے مطابق لاہور سے کوئٹہ جانیوالی 40ڈائون جعفر ایکسپریس کے انجن کو نقصان پہنچا اور ٹرک کے ٹائر ریلوئے لائن کی دوسری جانب جا گرے۔ ٹرک اور ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور موقعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ سٹی پولیس نے حادثہ میں جاں بحق ہونیوالے دو مرد وں محمد اشفاق جٹ اور کاشف نعیم سکنہ کوٹ لکھپت اور ایک نامعلوم خاتون کی نعش قبضہ میں لیکر کارروائی شروع کردی۔ ایبٹ آباد کے علاقے کالا باغ سے حویلیاں جاتے ہوئے مسافر وین مکول پائین کے قریب موڑ کاٹتے ہوئے 2 ہزار فٹ گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔ مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا، جہاں 2 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ شکار پور کے علاقے گڑھی یاسین میں تیز رفتار ٹرالر نے کار کو ٹکر ماردی ۔ کار میں سوار ایک ہی خاندان کے 2بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہو گئے، حادثہ دھند کے باعث پیش آیا۔