اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) چیئرمین نیب قمر زمان چوہدر ی نے کہا ہے کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان کی قانون ساز اسمبلی سے اپنے خطاب کے دوران بدعنوانی کو سب سے بڑی لعنت قرار دیا تھا جو درحقیقت ایک زہر ہے، ہمیں آہنی ہاتھوں سے اس کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ نیب ملک کو بد عنوانی سے پاک بنانے کے حوالے سے قوم کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے پُرعزم ہے۔ اپنے ایک بیان میں چیئرمین نیب نے کہا کہ قومی احتساب بیورو شکایات کی وصولی کے بعد کارروائی کرنے والا ادارہ ہے جو کرپشن ، بدعنوانی اور لوٹی ہوئی قومی دولت کی واپسی کیلئے قائم کیا گیا، نیب نے شکایات کی تصدیق اور اس حوالے سے کارروائی کے سلسلے میں جامع حکمت عملی مرتب کی ہے جس کے تحت کیسز کی انکوائری اور تحقیقات کی جاتی ہیں۔ نیب کے تحقیقاتی افسر طریقہ کار پر سختی سے عمل کرتے ہیں، قانون کے مطابق شہادتوں کی بنیاد پر کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جاتی۔ نیب مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے ذریعے کارروائی کرتا ہے جس میں نیب کے دو تحقیقاتی افسر جبکہ ایک قانونی معاون شامل ہوتا ہے تحقیقات کے عمل کو انہتائی شفاف رکھا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے اپنے قیام سے لیکر اب تک 280 ارب روپے کی ریکوریاں کی ہیں اور نیب کو وصول ہونے والی 3 لاکھ 26 ہزار 694 شکایات پر قانون کے مطابق کارروائی کی گئی ہے ۔ 2014ء کے مقابلے میں 2015ء کے دوران اور 2016ء کے پہلے 6 ماہ کے دوران شکایات کی وصولی ، تحقیقات میں دُگنا اضافہ ہوا۔ پاکستان کے نوجوان ملک کا سرمایہ اور مستقبل ہیں اور نیب نے نوجوان طبقے کو بدعنوانی کے خلاف موثر طور پر استعمال کرنے پر خصوصی توجہ دی ہے تاکہ ملک سے ہر طرح کی بدعنوانی کے خاتمہ کو یقینی بنایا جا سکے۔