نثار دہشتگردوں کے سہولت کار رہے، مقدمہ درج ہونا چاہئے: لطیف کھوسہ

لاہور (خبر نگار) پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سردار لطیف خان کھوسہ نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان دہشتگردوں کے سہولت کار ہیں۔ ان کیخلاف مقدمہ درج ہونا چاہئے۔ وزیر اعظم نواز شریف وزیر داخلہ کو فی الفور فارغ کر دیں مگر وہ ایسا نہیں کرینگے کیونکہ حکومت دہشتگردوں کے کندھوں پر چڑھ کر آئی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ کو جیل میں ہونا چاہئے۔ وہ پیپلز پارٹی کے سابق سیکرٹری جنرل جہانگیر بدر کے چہلم کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ چہلم میں منظوروٹو، مصباح الرحمن، دیوان غلام محی الدین، نوید چودھری، عزیز الرحمٰن چن، اسلم گل، خالد سعید، یوسف اعوان، چودھری غلام عباس، مجاہد کامران، بلال میر، غلام محی الدین اور دیگر نے شرکت کی۔ کھوسہ نے کہا کہ نثار نے توہین عدالت کی ہے، سپریم کورٹ اس کا ازخود نوٹس لے، ورنہ بار کونسل پنجاب عدالت عظمیٰ سے کارروائی کی درخواست کریگی۔ احمد لدھیانوی 3کالعدم جماعتوں کے سربراہ ہیں سانحہ کوئٹہ میں 75وکلا مارے گئے تھے۔ پیپلزپارٹی کے کسی رہنما نے ایسا کیا ہوتا تو اب تک اسے سزا بھی مل چکی ہوتی۔ قاضی فائز عیسیٰ کی رپورٹ کو یکطرفہ کہنا زیادتی ہے۔ نثار علی خان نے نیشنل ایکشن پلان کی دھجیاں اڑائیں۔ نواز شریف نے نثار کو فارغ نہ کیا تو سمجھا جائیگا کہ وہ بھی ملوث ہیں۔ معمولی باتوں پر پیمرا چینل بند کر دیتا ہے۔ نثار کی اتنی لمبی تقریر کیسے چلی۔ وزیر داخلہ نے 3سال نیکٹا کا اجلاس نہیں بلایا، دہشتگردوں کا ساتھ دینے کے الزام میں کارروائی ہونی چاہئے۔ سانحہ اے پی ایس کے بعد مجبوراً کارروائی کرنا پڑی۔ جنرل راحیل شریف مجاہد ہیں۔ رانا ثناء اللہ خان کے دہشتگردوں سے تعلقات کے بارے میں کھوسہ نے کہا کہ اس کیلئے عابد شیر علی اور ان کے والد کے بیان کافی ہیں۔ جہانگیر بدر کا چہلم ان کی رہائش گاہ واقع علی ٹائون رائیونڈ روڈ پر ہوا جس میں مرکزی رہنما سردار لطیف کھوسہ ، حاجی عزیزالرحمن چن ، میاں منیر، اسلم گل ، ملک مشتاق اعوان ، میاں خالد سعید ، بلال بیگ ، ملک سہیل ، اشرف اعجاز گل سمیت کارکنوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔ مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے اجتماعی دعا کرائی گئی۔

ای پیپر دی نیشن