اسلام آباد (قاضی بلال) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے مزید تین میڈیکل کالجز کھولنے کی منظوری دیدی جبکہ دو میڈیکل کالجز کی درخواستوںکو مسترد کردیا۔ پی ایم ڈی سی کے صدر ڈاکٹر لہڑی کی صدارت میں اجلاس میں اور متنازعہ فیصلے کئے گئے جس میںکافی عرصہ سے زیرالتوا میڈیکل کالجز کو بالآخر منظور کرلیا گیا۔ اس کے علاوہ سابق رجسٹرار ڈاکٹر احمد ندیم اکبرکی او ایس ڈی بحالی اور دو کروڑ روپے سے زائد کی پچھلی تنخواہیں بھی ادا کرنے کی صدر پی ایم ڈی سی نے منظوری دیدی۔ اس سے قبل صدر پی ایم ڈی سی کا موقف تھا کہ وہ کسی صورت سابق رجسٹرار کو پی ایم ڈی سی کی بلڈنگ میں نہیں گھسنے دیں گے۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر احمد ندیم اکبر اڈیالہ جیل سے ضمانت پر رہا ہوچکے ہیں اور آج وہ بطور او ایس ڈی جوائننگ دیں گے ۔ ا س سے قبل پی ایم ڈی سی نے نارتھ ویسٹ میڈیکل کالج پشاور اور ہائی ٹیک میڈیکل کالج تربیلا کی منظوری دیدی ہے۔ اسکے علاوہ بی بی آصفہ ڈینٹل کالج لاڑکانہ کو پچاس طلبہ داخل کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ان تمام کالجز پر وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز اور پی ایم ڈی سی کے اپنے حکام کی سفارش پر منظورکیا گیا ہے اس کے علاوہ سی ایم ایچ میڈیکل کالج ملیر کراچی اور نوشہرہ میڈیکل کالج نوشہرہ کی درخواستوں کو مسترد کر دیا گیا ہے ۔