لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ ملی اور دینی اقدار کا محافظ نصاب تعلیم ہی قوم کی تقدیر بل سکتا ہے۔یکساں نصاب تعلیم کے نفاذ سے طبقاتی تقسیم ختم ہوگی۔ اقوام عالم کا مقابلہ کرنے کے لیے سائنس وٹیکنالوجی کی تعلیم ناگزیر ہے سکولوں اور کالجوں میں قرآن مجید کی تعلیم اور ترجمے شامل نصاب کرنا موجودہ حکومت کا عظیم کارنامہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت اساتذہ پاکستان کے عہدیداروں کی تقریب حلف وفاداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نئے عہدیداروں میں صدر حافظ عتیق اللہ عمر، جنرل سیکرٹری پروفیسر عطاء الر حمن ظہیر ودیگر شامل ہیں۔ پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ پرویز مشرف نے سیکولر نظام تعلیم کو پروان چڑھانے کی کوشش کی۔ ضیا ء الحق سے سیاسی اختلاف کے باوجود انہیں یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ اس نے نظام تعلیم کو اسلامیت کے مطابق ڈھالنے میں بنیادی تبدیلی کی۔ اسی طرح موجودہ حکومت نے میٹرک اور انٹر کی سطح پر ناظرہ اور ترجمے کے ساتھ قرآن مجید کو شامل نصاب کرکے عظیم کارنامہ سرانجام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ استادقوموں کی تعمیر اوربقاء میں مرکزی کردار اد ا کرتا ہے۔ دنیا میں آنکھ کھولنے والا ہر انسان استاد کے بغیر کامل انسان بن سکتا ہے، نہ دنیا کی رنگینیوں میں بے مثال اور بہترین زندگی گزار سکتا ہے۔
ملی اور دینی اقدار کا محافظ نصاب تعلیم ہی قوم کی تقدیر بدل سکتا ہے: ساجد میر
Dec 19, 2016