ایئرلیگ پی آئی اے کی سالانہ عید میلاد النبی کی پرنور محفل

Dec 19, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ائیر لیگ آف پی آئی اے ایمپلائز(سی بی اے)کی جانب سے سالانہ جشن عید میلاد النبیﷺکی محفل ہوئی ۔ جس میں ملک کے معروف ثناء خوانوں اور جید علماء کرام نے بارگاہ رسالت ﷺ نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ بریلوی مکتب فکر سے قاضی احمد نورانی ، مکتب دیوبند سے علامہ انتظار الحق تھانوی اور علامہ حماد اللہ مدنی ، مکتب اہل تشعیہ سے علامہ سید اطہر مشہدی جبکہ مکتب اہل حدیث سے علامہ محمد امجد نے سیرت مصطفےﷺ سے حاضرین محفل کے دلوں کو منور کیا۔ جبکہ نعت خوانوں میں سعید وارثی، اشفاق احمد صابری، شاہد قادری، عمار رحمانی، حافظ سلامت اللہ رحمانی اور حافظ رحمت اللہ رحمانی نے گلہائے عقیدت پیش کئے۔ علمائے کرام کا کہنا تھا کہ جس طرح اللہ جل شانہ رب العالمین ہے اسی طرح اس نے اپنی محبوب سرور کونین ﷺ کو رحمت اللعالمین بنا کر بھیجا۔ دنیا و آخرت میں کامیابی حضور سرور کونین ﷺ کی تعلیمات اور ان کے اسوہَ حسنہ پر عمل پیرا ہونے سے حاصل ہو سکتی ہے۔ سیرت کانفرنسز کے انعقاد کا مقصد حضرت محمد مصطفے ﷺکی تعلیمات کو عام کرنا ہے تاکہ ہم ان تعلیمات پر عمل پیرا ہو سکیں۔ سیرت کانفرنس میں مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہد اللہ خان، نہال ہاشمی، علی اکبر گجر، اسد عثمانی، خواجہ طارق، رانا احسان،حاجی چن زیب، خرم بھٹی اور چوہدری

سہیل نے بھی شرکت کی۔ آخر میں علامہ انتظار الحق تھانوی نے پاکستان اور پی آئی اے کی ترقی اور استحکام کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔

مزیدخبریں