بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی خشک میوے کی طلب بھی کئی گنا بڑھ گئی ہے

Dec 19, 2017

کراچی(خصوصی رپورٹر) کراچی میںبارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی شہری گرم کپڑوں میں ملبوس ہوگئے ہیں جبکہ شہر بھر میں یخنی اور کارن سوپ کے پتھاروں اور ٹھیلوں پر رش دیکھنے میں آرہاہے ۔کراچی میں یخنی کی قدیم دکان پاپوش میں واقع ہے دیسی مرغی کے سوپ کی یہ دکان مشہور ہے جہاں یخنی کے ساتھ ابلی ہوئی دیسی مرغی کا گوشت بھی گاہکوں کو پیش کیا جاتا ہے جس سے دیسی انڈوں کی یخنی کا لطف دوبالا ہو جاتا ہے سردی کے دوران شہر میں چھوٹے بڑے چائنیز ریسٹورنٹ کی رونقیں بھی بڑھ گئی ہیں شہری موسم سرما سے لطف اندوز ہونے کیلیے اب چینی ذائقوں سے بھی لطف اندوز ہورہے ہیں۔سردیوں میں تلی ہوئی مچھلی کی طلب بھی کئی گنا بڑھ گئی ہے تلی ہوئی مچھلی بیچنے والوں کی مشہور دکانوں پر گاہکوں کا رش دیدنی ہے حسن اسکوائر کی فوڈ اسٹریٹ کو شہر میں مچھلی کی فروخت کے مرکز کی حیثیت حاصل ہوگئی ہے جہاں مختلف اقسام کی تلی ہوئی مچھلی فروخت کی جاتی ہے شہریوں کی بڑی تعداد سرد موسم میں حلوہ جات کھاکر لطف اٹھارہے ہیں۔مشہور مٹھائی کی دکانوں پر اخروٹ، کاجو، پستہ، بادام اور کھوئے سے تیار کردہ حلوے کی فروخت کئی گنا بڑھ گئی ہے، سردیوںکی سوغات گاجر کا حلوہ تو ہر حلوائی اور مٹھائی کی دکان پر دستیاب ہے‘ سردی کی موجودہ لہر میں خشک میوے اور مونگ پھیلی بیچنے والے خوانچہ فروشوں کی تو لاٹری نکل آئی ہے۔

مزیدخبریں