پرتھ (آئی این پی) آسٹریلیا نے انگلینڈ کو تیسرے ٹیسٹ میں ایک اننگز اور 41رنز سے بدترین شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 3-0کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی‘ انگلینڈ کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 218رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی‘ انگلینڈ کی جانب سے جیمز ونس 55‘ ڈیوڈ میلان 54 ‘ کرس ووکس 22 اور برسٹو14رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے‘ آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5انگلش بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ناتھن لیون ‘ پٹ کمنز نے دو دو اور مچل سٹارک نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا‘ آسٹریلوی کپتان سٹیو سمتھ کو میچ میں شاندار 239رنز کی اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا‘ دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا چوتھا ٹیسٹ26دسمبر سے میلبورن میں کھیلا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پرتھ میں کھیلے گئے پانچ ایک روزہ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے تیسرے ٹیسٹ کے پانچویں روز انگلینڈ نے اپنی دوسری نامکمل اننگز4وکٹوں پر 132 رنز پر شروع کی تو انگلینڈ کا کوئی بھی بلے باز جم کر آسٹریلوی بائولرز کا مقابلہ نہ کرسکا اور وقتاً فوقتاً انگلینڈ کی وکٹیں گرتی رہیں اور انگلینڈ کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 218 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی اور آسٹریلیا نے تیسرا ٹیسٹ 41رنز اور ایک اننگز سے جیت لیا۔انگلینڈ کی جانب سے جیمز ونس 55‘ ڈیوڈ میلان 54 ‘ کرس ووکس 22 اور برسٹو14رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے‘ آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5انگلش بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ناتھن لیون ‘ پٹ کمنز نے دو دو اور مچل سٹارک نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ آسٹریلیا نے انگلینڈ کو تیسرے ٹیسٹ میں نہ صرف شکست دی بلکہ سیریز بھی اپنے نام کرلی۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا پہلے دو ٹیسٹ میچوں میں بھی انگلینڈ کو شکست دے چکا ہے۔ پرتھ ٹیسٹ میں انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 403رنز بنائے تھے جس کے جواب میں آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 9وکٹوں کے نقصان پر 662رنز پر ڈیکلیئر کردی تھی اور انگلینڈ پر پہلی اننگز میں 259رنز کی برتری حاصل کی تھی۔