لاہور (وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے کہا ہے کہ اگر عمران آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا اترتے ہیں تو پھر پوری قوم ہی الیکشن لڑنے اور سیاست کرنے کی اہل ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وہ بہت جلد کیلیفورنیا کی عدالت کے فیصلے کی بنیاد پر عمران کیخلاف نااہلی کی درخواست دائر کریں گے۔ تحریک انصاف کی بنیاد جھوٹ پر رکھی گئی ہے، وہ پہلے کی طرح جھوٹوں کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔ عمران ہوش کے ناخن لیتے ہوئے الزامات کی سیاست بند کریں۔ مسلم لیگ (ن) نے عمران خان کی ایک اے ٹی ایم کا خاتمہ کردیا ہے، دوسری اے ٹی ایم کا انجام بھی ہمارے ہاتھوں ہوگا۔ عمران کی دوسری اے ٹی ایم علیم خان جو قبضہ گروپ میں علیم خان کا شہباز شریف کے بارے میں بیان چاند پر تھوکنے کے مترادف ہے۔ بہت جلد علیم خان کو اسکے لیڈر کی طرح بے نقاب کردیا جائیگا کہ وہ قبضہ گروپ کے سوا کچھ نہیں۔ انکی بنائی ہوئی ہاﺅسنگ سکیم سرکاری زمین پر ہے‘ اب اسکو لیسکو اور محکمہ سوئی گیس سے کنکشن نہیں مل رہے۔ علیم خان اعتراف جرم کرتے ہوئے ایف آئی اے کو 36 اور 26 کروڑ روپے واپس کرنے پر رضا مند ہوئے جو لوگوں سے ہتھیائے گئے۔ انہوں نے سکولوں اور ہسپتالوں کی زمین بھی بیچ دی۔ عمران خان کیلئے جہانگیر ترین کے جہاز میں تیل علیم خان ڈلواتے ہیں جلد ہی علیم خان کو عدالت لیکر جائیں گے۔ بنی گالہ اراضی اور غیر ملکی فنڈنگ کیس میں عدالت کے تفصیلی فیصلے کو پڑھنے کے بعد نظر ثانی کی درخواست دائر کی جائیگی۔ نوازشریف پوری پارٹی کے صدر اور سربراہ ہیں وہ منشیات فروشی اور اس میں ملوث کیخلاف ہیں تاہم جھوٹے الزامات لگانے والے بھی قابل مذمت ہیں۔
حنیف عباسی