کراچی( کرائم رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوںمیں پیر کو تشدد اور فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہوگئے۔ ناظم آباد میں فائر بریگیڈ سٹیشن کے نزدیک مسلح افراد نے ایک شخص 30 سالہ عمار ولد محمد وسیم کو سینے میں گولی مار کر ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے جبکہ سچل کے علاقے میں جمالی ہائٹس کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی ہے جسے تشدد اور چھری کے وار کرکے ہلاک کیا گیا تھا۔ مقتول کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں واقعات کے بارے میں تفتیش اور ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ رینجرز اور پولیس کے مشترکہ آپریشن میں 8 ملزمان کو گرفتار کرکے بھاری اسلحہ برآمد کرلیا۔ پاکستان رینجرز سندھ کے ترجمان کے مطابق ملزمان اعظم عباس‘ عامر عباس اور آصف کی گرفتاری رضویہ کے علاقے سے عمل میں آئی اور بعدازاں ان کی نشاندہی پر ایک مکان پر چھاپہ مارکر اسلحہ برآمد کیاگیا جس میں ایک جی تھری رائفل‘ چار سب مشین گنیں‘ دو سیون ایم ایم رائفلیں‘ پانچ بارہ بور‘ ا یک ایم فور رائفل‘ ا یک پوائنٹ ٹوٹو رائفل‘ ایک 22 بور پستول‘ چھ نائن ایم ایم پستول‘ چار 30 بورپستول‘ تین 32 بور پستول‘ ایک 38 بور ریوالور اور دو ہزار 159 رائونڈ شامل ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ تینوں ملزموں کو برآمد شدہ اسلحہ سمیت قانونی کارروائی کے لئے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔ دریں اثنا لیاقت آباد سے بھتہ وصولی میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں فیصل‘ عامر‘ ساجد اور رمضان شامل ہیں۔ چھاپے کے دوران 25 ہزار لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کر لیا گیا۔ دوسری جانب ایک رپورٹ کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے رواں سال 2017ء کے دوران شہر قائد میں 298 جرائم پیشہ افراد کو مقابلوں میں ہلاک کیا جبکہ 2 پولیس اہلکار بھی ملزمان کی فائرنگ سے شہید ہوئے۔ اعدادوشمار کے مطابق رواں سال جنوری میں شہر میں 4 دستی اور ایک کریکر بم حملے میں پولیس اہلکار اور 2 بہنوں سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے۔ 2017ء میں 17 پولیس اہلکار‘ ایک رینجرز جوان‘ ریٹائرڈ کرنل اور 2 ڈاکٹرز نشانہ بنے‘ مرنے والوں میں 68 خواتین بھی شامل ہیں۔