راولپنڈی (محمد رضوان ملک / نیوزرپورٹر)اختیارات کے حصول کے لئے کوشاںوائس چئیرمینوں کی سنی گئی،پنجاب حکومت کے ذمہ داران سے مذاکرات کامیاب ،اب وائس چئیرمین بھی اجلاس میںشریک ہوں گے،چئیرمین کو ملنے والے فنڈزپر اعتراض کی صورت میں وائس چئیرمین کے دستخط ضروری ہوں گے۔ وائس چئیرمین کے استعفیٰ کی صورت میں چئیرمین بھی اپنی نشست سے ہاتھ دھو بیٹھے گا۔اختیارات کے حصول کے لئے پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا دینے کے لئے لاہور پہنچنے والے وائس چئیرمینوں نے مذاکرات کے بعد احتجاج کا پروگرام موخر کر دیا۔ احتجاج کے لئے لاہور جانے والے راولپنڈی کے وائس چئیرمینوں اللہ دتہ، راجہ حفیظ آصف ظہور بھٹی ، فرحان شیخ، آصف اقبال ، عرفان مغل،نوید شاہ، اور شوکت خان نے ’’نوائے وقت ‘‘کو بتایا کہ پیر کو میاں نوازشریف اور میاں شہبازشریف کی واضح ہدایات کی روشنی میں وفاقی وزیرتجارت پرویزملک ، حمزہ شہباز شریف، وزیرصحت پنجاب عمران نذیر، سیکرٹری بلدیات قاسم بھٹی، مئیر لاہور اور میاں نوازشریف کے پرائیویٹ سیکرٹری عطاالرحمان نے ان سے مذاکرات کئے اور ہمیں یقین دلایا ہے کہ آپ کے مسائل حل کئے جائیں گے باالخصوص اختیارات نہ ہونے کے حوالے سے ان کے تحفظات کا ازالہ کیا جائے گا۔ ہمیں یقین دلایا گیا ہے کہ وائس چئیرمینوں کے لئے الگ ہائوس ہوگا۔ چئیرمین کو ملنے والے فنڈز کی شفافیت کے لئے وائس چئیرمین کو یہ اختیار ہو گا کہ وہ 6 کونسلرز پر مشتمل ایک کمیٹی بنائے گا جو فنڈز کے درست استعمال کا جائزہ لے گی چئیرمین کے فنڈز پر وائس چئیرمین کے دستخظ نہ ہونے کی صورت میں اس کی شفافیت مشکوک ہوگی۔ اگر فنڈز کا غلط استعمال ثابت ہوگیا تو ڈی سی او چئیرمین کو فارغ کر سکے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وائس چئیرمینوںکو اختیارات دینے کے حوالے سے یہ تجویز بھی سامنے آئی ہے کہ اگر کسی یوسی کا وائس چئیرمین مستعفٰی ہوگا تو چئیرمین بھی فارغ ہو جائے گا اور وہاں دوبارہ وائس چئیرمین کے ساتھ ساتھ چئیرمین کا بھی انتخاب کیا جائے گا۔
مذاکرات کامیاب ، لاہور پہنچنے والے وائس چئیرمینوں نے احتجاج کا پروگرام موخر کر دیا
Dec 19, 2017