پاکستانیوں سمیت غیرملکی کارکنوں سے 400 ریال ماہانہ وصولی کا عمل جنوری سے شروع ہو گا

طائف (ممتاز احمد بڈانی) پاکستانیوں سمیت تمام غیرملکی کارکنوں سے 400 ریال ماہانہ وصولی کا عمل جنوری 2018ءسے شروع ہو جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ نے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ نجی اداروں میں کام کرنے والے غیرملکی کارکنان سے وصول کی جانے والی رقم سعودی عملے کے تقرر پر آنے والے اخراجات پر خرچ کئے جائیں گے۔ایسی کمپنیاں جن میں غیرملکی کارکنان کی تعداد سعودی ملازمین کی تعداد سے زیادہ ہوگی‘ اس سے فی غیرملکی 400 ریال وصول کئے جائیں گے جبکہ سعودی کارکنان سے فی کارکن 300 ریال لئے جائیں گے۔ یہ فیس 2019ءمیں فی غیرملکی کارکن 600 ریال جبکہ 2020ءمیں بڑھتے بڑھتے 800 ریال ماہانہ وصول کئے جائیں گے۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے غیرملکی کارکنوں کی فیملی پر 100 ریال فی کس لاگو ہو چکا ہے جس کے باعث 30 فیصد پاکستانی واپس پاکستان جا چکے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق اب موجودہ فیس لاگو ہونے پر سرکاری ملازمین کے علاوہ پاکستانیوں سمیت تمام ممالک سے تعلق رکھنے والے 70 فیصد غیرملکی وطن واپس جانے کو ترجیح دیں گے۔

ای پیپر دی نیشن