پاکستانی قونصلیٹ کی تاریخ میں پہلی بار سیرت النبی کانفرنس‘ امریکی اعلان کے بھیانک نتائج ہو سکتے ہیں: عامر آفتاب و دیگر کا خطاب

مانچسٹر (عارف چودھری) پاکستانی قونصلیٹ مانچسٹر کی تاریخ میں پہلی بار سیرت النبی کانفرنس اور جشن عید میلادالنبی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ نظامت کے فرائض کمیونٹی ویلفیئر اتاشی آفیسر فضہ نیازی نے سرانجام دیئے۔ قونصل جنرل عامر آفتاب قریشی نے سیرت النبی پر کہا کہ ہمارے پیارے نبی کریم نے دین اسلام کی ترویج کیلئے ہمیشہ صبروتحمل‘ ثاقب قدمی اور استقامت سے کام لیا۔ امت مسلمہ انتشار کا شکار ہے۔ وقت کا تقاضا ہے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں۔ مذہب کے نام پر انتہاپسندی اور دہشت گردی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ قاری جاوید اختر چشتی‘ مولانا غلام ربانی‘ صاحبزادہ تسلیم اختر صابری‘ مولانا شاہجہان‘ ڈاکٹر فاریہ نے امت مسلمہ پر زور دیا کہ وہ اپنے اندر اتحاد و اتقاق پیدا کریں اور امریکہ پر واضح کر دیں کہ بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول ہے۔ اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینا شیطانی کھیل ہے جس کے نتائج بھیانک ہو سکتے ہیں۔ تلاوت کلام پاک کاشرف ڈاکٹر محمد یونس پرواز کو ہوا۔ قاری شاہد محمود اور الحاج شہباز قمر فریدی نے نعتیہ کلام پیش کئے۔ کاروباری شخصیات مسرت چودھری‘ محمد غفار کے علاوہ کمیونٹی کی خواتین و مرد حضرات نے شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن