نوازشریف‘ زرداری آخری الیکشن لڑ چکے‘ اسحاق ڈار آئیں گے‘ پیسے بھی واپس کرینگے‘ فواد چوہدری

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ’ہماری وجہ سے دنیا میں پاکستان کا امیج بہتر ہوا، نوازشریف اورآصف زرداری کی سیاست ختم ہوچکی ہے، حکومت میں آئے تو پتا چلا 12ارب ڈالر نہ ہوئے تو ہم ڈیفالٹر ہوجائیں گے، سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار ملک واپس آئیں گے اور پیسے بھی واپس کریں گے، وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد چیمبر میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے ہاں دیر ہے اندھیر نہیں، اسحاق ڈار سے زیادہ ان پیسوں کا انتظار ہے جو وہ ساتھ لے گئے ہیں، آصف زرداری اور نواز شریف اپنا آخری الیکشن لڑ چکے، دونوں کی سیاست ختم ہو چکی ہے، پی ٹی آئی کی حکومت آئی تو ڈالر128روپے کا تھا، اصل سفر اب شروع ہوا ہے، ہمیں اپنے پاؤں پر کھڑے ہونا ہے، حکومت نے منی لانڈرنگ کیخلاف اقدامات شروع کر دیئے ہیں، پچھلی حکومت میں 2 بڑے مسئلے کرپشن اور کرپشن کا پیسہ باہر بھجوانے کا تھا، سندھ کے حکمرانوں نے بھی کرپشن کی اور پیسہ باہر بھجوایا، سندھ کی کہانیاں سامنے آرہی ہیں کہ پیسا کیسے باہر گیا۔ٹیکس ریٹرن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ 2017 میں 11 لاکھ سے زائد ٹیکس ریٹرن فائل ہوئے، رواں سال 15 لاکھ سے زائد ٹیکس ریٹرن فائل ہو چکے ہیں، طویل عرصے بعد دگنی تعداد میں ٹیکس وصولی ہوئی، ٹیکس نیٹ سے باہر لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جا رہا ہے، اس بار ریکارڈ ٹیکس ریٹرنز جمع ہوئے جو مثبت پیش رفت ہے، انہوں نے کہا کہ ہم ہر سال دو ارب ڈالرز کے موبائل فون منگوا لیتے ہیں، امپورٹس کی حوصلہ شکنی کر رہے ہیں، جب ایکسپورٹس زیادہ اور امپورٹس کم ہوں گی تو ملک اپنے پاؤں پر کھڑا ہو گا، جب سے ہماری حکومت آئی تو ملک کے امیج میں بھی بہتری آئی ہے، پہلے سی پیک انفراسٹکچر تک محدود تھا، چین اور پاکستان کے درمیان زراعت سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوا، سعودی عرب کے ساتھ آئل ریفانری کا معاہدہ ہوا ہے جب کہ متحدہ عرب امارات سے بھی اہم معاہدے ہوئے ہیں، فرانس نے پاکستان کے حوالے سے اپنی سفری ایڈوائزی تبدیل کر دی جب کہ جرمنی اس حوالے سے سوچ رہا ہے، امریکا سے ہمارے تعلقات بہتر ہو رہے ہیں۔ طالبان کے مذاکرات شروع کرانے پر امریکا نے شکریہ ادا کیا، کرتار پور سکھوں کے لیے کھولا، اس کا ایک پہلو مذہبی سیاحت بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی طریقے سے ڈالر کی قیمت برقرار رکھنا تباہ کن پالیسی ہے، ڈالر آئے گا تو روپے پر پریشر کم ہو گا، ان کا کہنا تھا کہ سیاسی منزل حاصل کر لی ہے، اب معاشی منزل حاصل کر رہے ہیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ معیشت کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنا اور پائیدار ترقی کے راستے پر ڈالنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت کو کوئی سیاسی چیلنج درپیش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جب اقتدار سنبھالا تو ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے 12ارب ڈالر کی ضرورت تھی اور حکومت کی مسلسل کوششوں سے ملک اب دیوالیہ ہونے سے بچ گیا ہے۔ ،فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت برآمدات کو فروغ دینے، درآمدات کی حوصلہ شکنی کرنے، ٹیکس کی بنیاد کو وسعت دینے، منی لانڈرنگ پر قابو پانے اور ترسیلات زر کو بینکنگ چینلز کے ذریعے فروغ دینے کی کوشش کر رہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان سالانہ 40ارب ڈالر ترسیلات زر حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے لہذا حکومت کوشش کر رہی ہے کہ بینکنک چینلز کے ذریعے ترسیلات زر کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ انہوںنے کہا کہ پچھلی حکومت نے روپے کو اوور ویلیو رکھنے کیلئے 7ارب ڈالر خرچ کئے جس سے معیشت کو بہت نقصان پہنچا۔ انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی کلین گورننس کی وجہ سے پاکستان کا عالمی سطح پر امیج بہتر ہو رہا ہے جس وجہ سے برٹس ایئرلائن دوبارہ پاکستان کیلئے پروازیں شروع کر رہی ہے، فرانس نے پاکستان کیلئے مثبت ٹریول ایڈوائزری جاری کی ہیں جبکہ جرمنی بھی ایسا کرنے پر غور کر رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ حکومت نے یورپ اور امریکہ کے ساتھ بھی تعلقات بہتر کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوششوں سے ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی تعداد 2017میں تقریبا گیارہ لاکھ سے بہتر ہو کر 2018میں تقریبا پندرہ لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایس ایم ایز کیلئے سازگار حالات پیدا کرنے کی کوشش کرے گی تاکہ وہ معیشت کی ترقی میں مزید فعال کردار ادا کر سکیں۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا عوام کی رائے کو متاثر کرنے میں اہم کردار کرتا ہے، انہوںنے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو اس وقت متعدد چیلنجز کا سامنا ہے کیونکہ برآمدات صلاحیت کے مطابق فروغ نہیں پا رہی ہیں، زرمبادلہ کے ذخائر کافی نیچے آ گئے ہیں جبکہ روپے کی قدر میں بھی تیزی سے کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت ملک میں کاربار کیلئے سازگار حالات پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دے تا کہ صنعت و تجارت کو بہتر فروغ ملے، معیشت بحالی کی طرف گامزن ہو گی۔ کاروبار اور معیشت کو فروغ دینے کیلئے حکومت اپنی میڈیا پالیسی بنائے، سیاحت کو فروغ دینے کی کوشش کرے۔ چیمبر کے سینئر نائب صدر رافعت فرید اور نائب صدر افتخار انور سیٹھی نے کہا کہ اسلام آباد میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کرنے میں حکومت چیمبر کے ساتھ تعاون کرے۔ میاں اکرم فرید، ناصر قریشی، خالد چوہدری، خالد میاں، میاں رمضان اور دیگر نے بھی مختلف مسائل کی نشاندہی کی اور ان کو حل کرنے کیلئے حکومت سے تعاون کی درخواست کی۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...