اسلام آباد (ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت نے واضح کیا ہے کہ پیپلزپارٹی اٹھارہویں ترمیم کے خلاف کوئی سازش کامیاب ہونے نہیں دے گی، ہم نے آمروں کو شکست دی ہے، کٹھ پتلی کیا چیز ہے، ماضی میں دو آمروں نے 1973ء کے آئین کو مسخ کرکے پارلیمنٹ کے اختیارات ہتھیا لیے، ہم نے آمرپرویز مشرف کو اقتدار سے بیدخل اور آئین کو اصل صورت میں بحال کرکے جمہوریت دشمنوں سے جمہوری انداز میں حساب برابر کر دیا، جمہوریت کو یرغمال بنا کر رکھنے والی سوچ کو عوامی طاقت سے شکست دیں گے۔ اس امر کا اظہار پارلیمینٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے وفد سے بات چیت میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو اور محترمہ شہید بی بی نے ہمیں ڈرنا نہیں سکھایا۔ پریس کانفرنس میں پیپلزپارٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ حالات کے مطابق کسی بھی پارٹی سے اتحاد کیا جاسکتا ہے‘ موجودہ کٹھ پتلی حکومت اداروںکو بدنام کررہی ہے اور عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کی بجائے مشکلات کے انبار لگا دیئے ہیں۔ تمام امراض کا علاج پارلیمنٹ ہے جب کوئی کرسی پر آتا ہے تو وہ فرشتہ بن جاتا ہے اور جب وہ کرسی سے اتر جاتا ہے تو وہ ملک کا دشمن بن جاتا ہے‘ احتساب کے نام پر انتقام کی سیاست کی جارہی ہے پیپلزپارٹی نے پہلے سابق آمر کہتا تھا کہ بے نظیر اور نواز شریف ملک نہیں آئیں گے‘ لیکن دیکھیں آج وہ خود ملک سے باہر ہے‘ پیپلزپارٹی کو کمزور نہ سمجھا جائے پیپلزپارٹی ملک کیلئے جانیں دینا جانتی ہے موجودہ حالات میں ساری توپوں کا رخ ہماری طرف کردیا گیا ہے۔ پاکستان کے اداروں کو کہتے ہیں کہ حکومت کو ایسے اقدامات سے روکیں جس سے تصادم پیدا ہو۔ اپوزیشن کے ہاتھ باندھنے کی کوشش کی جارہی ہے اور ایک پارٹی کو ہی کھیلنے کا موقع دیا جارہا ہے جبکہ ملکی بحران اس کی ترجیح میں شامل ہی نہیں ہے۔ موجودہ حکومت اداروں کو مفلوج کرنے کے ساتھ پارلیمنٹ کو بھی مفلوج کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ خورشید شاہ نے کہا ہے کہ آصف زرداری، شہباز شریف یا ہمیں کچھ کرنے کی ضرورت نہیں عمران خان کی حکومت تو خود گر رہی ہے ان کی پارٹی کے اپنے لوگ ان سے ناراض ہو چکے ہیں۔ علاوہ ازیں زرداری کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ ذرائع کے مطابق معاملے پر گفتگو کی گئی پیپلز پارٹی نے قائمہ کمیٹیوں کیلئے ناموں کو حتمی شکل دیدی۔ ملک کی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا حزب اختلاف کو ملنے والی 19 کمیٹیوں کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کا فیصلہ کیا گیا۔ زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کیخلاف ہمیشہ انتقامی کارروائیاں ہوئیں ہر مرتبہ پیپلز پارٹی سرخرو ہوئی جیل کی دھمکیاں دیکر مجھے ڈرانے کی ناکام کوشش نہ کی جائے۔
جیل کی دھمکیوں سے ڈرانے کی کوشش نہ کی جائے: زرداری
Dec 19, 2018