پولیس تعلیمی اداروں کے قریب منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لا رہی ہے

Dec 19, 2018

لاہور ( نامہ نگار)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد وقاص نذیر نے کہا ہے کہ لاہور پولیس تعلیمی اداروں میں طلباء و طالبات کو نشے کی لعنت کا شکار بنانے کی کوشش کرنے والے منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ ماہ تعلیمی اداروں کے اطراف میں منشیات فروشی کا دھندہ کرنے والے ملزمان کو گرفتار کر کے 50 سے زائد مقدمات درج کئے گئے، رواں ماہ بھی ابتک منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈائون کے دوران 21 منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے متعلقہ پولیس سٹیشنز میں مقدمات درج کیئے گئے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے کہا کہ لاہور پولیس اگلے سال بھی تعلیمی اداروں کے گردونواح میں منشیات فروشوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹتے ہوئے زیرو ٹالیرنس کا مظاہرہ کرے گی اور موثر پولیسنگ کے ذریعے والدین ، اساتذہ اور تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کی باہمی مشاورت سے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوںمیں مزید تیزی لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پرخوشحال گھرانوں کے طلباء و طالبات جدید رجحانات کو طرزِ زندگی کے طور پر اپنا رہے ہیں،اسی رجحان کے تسلسل میںمختلف اقسام کی منشیات کی نئی اشکال سامنے آئی ہیں جن کا شکار طلباء وطالبات بن رہے ہیں۔ لاہور پولیس تعلیمی اداروں میں لیکچرز کے ذریعے منشیات کے نقصانات اور تباہ کاریوں کے حوالے سے طلبہ کا شعور اجاگر کرنے کیلئے خصوصی مہم جاری رکھے ہوئے ہے،سیمینار اورواکس بھی منعقد کی جارہی ہیں۔

مزیدخبریں